ملک میں ایماندار قیادت موجود ہے اب فیصلے صرف آئین وقانون اور ملکی مفادکے مطابق ہوں گے‘چوہدری محمد سرور

’’گڈگورننس‘‘احتساب ،شفافیات اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کاکوئی مستقبل نہیں‘گورنرپنجاب

جمعہ 19 جولائی 2019 17:52

ملک میں ایماندار قیادت موجود ہے اب فیصلے صرف آئین وقانون اور ملکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کرپشن کو ملک وقوم کیلئے معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ایماندار قیادت موجود ہے اب فیصلے صرف آئین وقانون اور ملکی مفادکے مطابق ہوں گے ’’گڈگورننس‘‘احتساب ،شفافیات اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کاکوئی مستقبل نہیں۔

تحر یک انصاف عوامی حمایت سے اقتدار میں آئی ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جو ہمارا آئینی اور جمہوری حق بھی ہے۔کر نٹ اکائونٹ خسارہ 30فیصد کم ہونا حکومت کی کامیاب معاشی پالیسوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اورسیز پاکستانی ملکی ترقی کیلئے جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ موجودہ حکومت اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو تر جیح بنیادوں پر حل کرے گی۔

(جاری ہے)

دبئی ، لندن اور جرمنی سے آنیوالے اورسیز پاکستانیوں کے وفود سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں ہر سطح پر شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنا رہے ہیں اور کسی بھی حق دار کو اس کے حق سے محروم نہیں کر یں گے اور عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اورسیز پاکستانی ملک وقوم کا سر مایہ ہیں جنہوں نے تحر یک انصاف کو عام انتخابات میں بھرپور سپورٹ کیا ہے اور آج بھی اورسیز پاکستانی ملک کو معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے اپنا بھر پو ر کردارادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور انشاء اللہ آنے والاہر دن ملک وقوم کیلئے ترقی اور خوشحالی لیکر آئیگا اور جو لوگ ملک میں ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور آئندہ بھی انکو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا اور حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کریں گی۔