تھیلیسمیا سے پاک معاشرہ ہمارا عزم ہے، ڈی پی او بھکر

بھکر تھیلیسمیا کئیر سنٹر ٹرسٹ کا ایجنڈا ہے کہ بھکر سمیت پاکستان کو تھیلیسمیا سے پاک کرنا ہے اور اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر کے تعاو ن سے مہم جاری رہے گا،سیمینار سے خطاب

جمعہ 19 جولائی 2019 22:31

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) تھیلیسمیا سے پاک معاشرہ ہمارا عزم ہے ، تھیلیسمیا جیسے موذی مرض سے بچائو کا واحد علاج صرف آگہی اور احتیاط ہے۔ بھکر تھیلیسمیا کئیر سنٹر ٹرسٹ کا ایجنڈا ہے کہ بھکر سمیت پاکستان کو تھیلیسمیا سے پاک کرنا ہے اور اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر کے تعاو ن سے مہم جاری رہے گا ۔یہ بات ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم ، صدر بھکر تھیلیسمیاکئیر سنٹر شیخ محمدایوب ،رانا محمد حنیف صدر انجمن تاجرا ن، سرجن ڈاکٹر مظہر خان بلوچ،قاضی احمد ظفر پرنسپل سپرئیر کالج ،ایڈمن جمشید حسن ملک اور اسامہ خان نے سپرئیرکالج بھکر میں تھیلیسمیا آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سابق یونین ناظم ملک محمد اسلم کلو ، قاری عبید الرحمن ، نعیم گادی ، ملک محمد رمضان ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن بھکر ، قاضی عدیل ،سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تھیلیسمیا ایک موروثی مرض ہے جو والدین سے بچو ں میں منتقل ہوتا ہے اور اس سے روک تھام کا واحد علاج یہی ہے کہ شادی سے قبل تھیلیسمیا کا ٹیسٹ کروایا جائے تاکہ اس موذی مرض سے بچا جاسکے ۔ خطبہ استقبالیہ میں صدر بھکر تھیلیسمیا کئیرسنٹرٹرسٹ شیخ محمد ایوب کا کہنا تھا کہ بھکر تھیلیسمیا کئیرسنٹر ٹرسٹ 2سال قبل قیام میں آیا اور اب تک 450سے زائد رجسٹرڈ بچوں کا مفت علاج اور خون کے عطیات کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلہ میں ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم کی قیادت میں تھیلیسمیا کئیرسنٹر کی ٹیم اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں ۔

ڈی پی اوبھکر شائستہ ندیم کا کہنا تھا کہ تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے ہمارے اپنے بچے ہیں اور ان کے علاج معالجہ کیلئے ہم ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائیں گے اور آج طلبا و طالبات کا جو ش و جذبہ دیکھ کر یہ یقین ہو چلا ہے کہ اب ان بچوں کو خون کے عطیات کیلئے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ دیگر مقررین جمشید حسن ملک ، رانا محمد حنیف ،اسامہ حیدر نے اپنی اپنی تقاریر میں تھیلیسمیا کیخلاف آگہی عام کرنے کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ بھکر میں تھیلیسمیا کیخلاف آگہی عام کرنے میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت تمام مکاتب فکر بھکر تھیلیسمیا کئیرسنٹرٹرسٹ کے شانہ بشانہ ہیں اور اس پلیٹ فارم سے حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ شادی سے قبل تھیلیسمیا ٹیسٹ کو لازمی قرار دے تاکہ اس مرض سے بچا جاسکے ۔

سیمینار کے اختتام پر پرنسپل سپرئیر کالج بھکر قاضی احمد ظفر نے ڈی پی او بھکرشائستہ ندیم ، صدر بھکر تھیلیسمیا کئیرسنٹرٹرسٹ شیخ محمد ایوب اوردیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت طلبا و طالبات کو تھیلیسمیا کیخلاف آگہی ملی ۔ اس موقع پر سپرئیرکالج بھکر اور پولیس کے درمیان ایک معاہدہ پر بھی دستخط کیے گئے جس کے مطابق پولیس شہدا کے بچے کوادارہ میں مفت تعلیم جبکہ حاضر سروس ملازمین بچے بچیوں کو تعلیم میں 50%رعایت دی جائے گی ۔ سیمینار کے اختتام پر طلبا و طالبات کی جانب سے خون کے عطیات بھی دئیے گئے ۔قبل ازیںسیمینار کی مہما ن خصوصی ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم کے سیمینار ہال پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔