سری لنکن کرکٹ بورڈ اگلے ماہ سکیورٹی وفد پاکستان بجھوانے پر آمادہ

پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں دو میچز کی سیریز کروانیکی خواہش ظاہر کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 جولائی 2019 14:11

سری لنکن کرکٹ بورڈ اگلے ماہ سکیورٹی وفد پاکستان بجھوانے پر آمادہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جولائی2019ء) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ سکیورٹی وفد پاکستان بجھوان پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔لندن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران دونوں بورڈز کے نمائندوں نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا، ذرائع کےمطابق سری لنکن بورڈ حکام نے اس حوالے سے اگست میں سیکورٹی وفد بجھوانے پر آمادگی ظاہر کی ہے، سری لنکن حکام کے مطابق وطن واپس جاکر چند روز میں سکیورٹی وفد کے ارکان اور متوقع تاریخوں سے پی سی بی کو آگاہ کردیا جائے گا، اس بات کی یقین دہانی سری لنکن بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈسلوا نے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کو کرادی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اکتوبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے، پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں یہ دونوں ٹیسٹ کرانے کی خواہش ظاہر کی ہے، سکیورٹی وفد ان دونوں مجوزہ مقامات کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا جس کے بعد مہمان ٹیم کے پاکستان آنے کی تصدیق ہوگی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مارچ2009ءمیں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان اپنی تمام انٹر نیشنل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر مجبور ہے تاہم پاکستان سپر لیگ کے5ویں سیزن کی وطن واپسی کے اعلان کے بعد اب پی سی بی انٹر نیشنل کرکٹ کو پاکستان واپس لانے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔