نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے ایل ڈی اے سٹی میں مناسب قطعہ اراضی تلاش کیا جائے، میاں محمود الرشید

قطعہ اراضی کی فراہمی کے معاملات کو جلد از جلد فائنل کیا جائے، ایل ڈی اے ہیڈآفس میں اجلاس سے خطاب

جمعہ 2 اگست 2019 18:43

نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے ایل ڈی اے سٹی میں مناسب قطعہ اراضی ..
لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2019ء) وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نے ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ نیاپاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے ایل ڈی اے سٹی میں مناسب قطعہ اراضی تلاش کیا جائے،پراجیکٹ کے تحت سستے گھروں اوررہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے 2ہزار کنال تک اراضی کی فراہمی کا بندوبست کیاجائے۔

وہ ایل ڈی اے ہیڈآفس میں نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت موزوں قطعہ اراضی کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم، ڈی جی پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ اتھارٹی لیاقت چٹھہ، ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے رانا ٹکا خان،چیف انجینئر مظہرحسین خان،جنرل سیکرٹری ہائوسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں قطعہ اراضی کی فراہمی کے معاملات کو جلد از جلد فائنل کیا جائے تاکہ لاہور میں کم لاگت گھروں اور اپارٹمنٹس کی تعمیر شروع کی جاسکے۔اجلاس کے دوران نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت گھروں کی طرز تعمیر،تعمیراتی اخراجات، میٹریل اور دیگر امور کے متعلق تفصیلی غور و خوض کیاگیا۔ قبل ازیں وزیرہائوسنگ میاں محمودالرشید نے سیکرٹری ہائوسنگ ، وائس چیئرمین، ڈی جی اور ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت قطعہ اراضی کے انتخاب کیلئے ایل ڈی اے سٹی کے تین مقامات کا بھی دورہ کیا۔