وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور ، نوٹس جاری

منگل 6 اگست 2019 14:50

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2019ء) سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کر دیا ۔ منگل کو عدالت نے فیصلہ دو ایک کی اکثریت کی بنیاد پر کیا،جسٹس عمر عطاء بندیال نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ دور ان سماعت وکیل حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ کو دوہری شہریت پر سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، مراد علی شاہ نے 2013 کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے رجوع نہیں کیا۔

حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ کی نااہلی کا فیصلہ حتمی ہوچکا ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندال نے کہاکہ آرٹیکل 62 ون ایف کیلئے عدالتی ڈیکلریشن چاہیے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ڈیکلیئریشن ہے، ہر امیدوار اپنی اہلیت کا بیان حلفی ریٹرننگ افسر کو جمع کراتا ہے، جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ نے الیکشن 2013 میں جھوٹا بیان حلفی دیا۔حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا تھا۔ حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ 2008 کے الیکشن میں دوہری شہریت کیساتھ منتخب ہوئے، سال 2012 میں سپریم کورٹ نے تمام ارکان اسمبلیوں سے دوہری شہریت کے بیان حلفی مانگے۔حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ نے بیان حلفی کے بجائے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔

مراد علی شاہ کے بقول 29 ستمبر 2012 کو انہوں نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کی درخواست دی۔حامد خان نے کہاکہ مراد علی شاہ نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا۔حامد خان نے کہاکہ سپریم کورٹ نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ نہ دینے پر مراد علی شاہ کو نااہل کیا بعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔