Live Updates

وزیراعظم کے واضح احکامات کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز کے حالات ٹھیک نہ ہو سکے

ہسپتال کے ایم سی ایچ سنٹرکے ائیر کنڈیشنر خراب، مریض اور طبی عملہ شدید گرمی میں بلبلا اٹھے،ایم سی ایچ سنٹر کے ایمرجنسی میں بھی کوئی اے سی نہیں، شدید تکلیف میں مبتلا خواتین گرمی کی شدت سے بے حال

بدھ 7 اگست 2019 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان کے واضح احکامات کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز کے حالات ٹھیک نہ ہو سکے۔ پمز کے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق ایم سی ایچ سنٹر میں سنٹرلی ائیر کنڈیشن نظام گزشتہ کافی عرصے سے خراب ہے ، جس کی وجہ سے ایم سی ایچ سنٹر کے ایمرجنسی، جنرل وارڈ حتی کہ پرائیویٹ وارڈ میں بھی شدید گرمی اور حبس کے ۔

موسم میں مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ایم سی ایچ سنٹر میں اسلام آباد، راولپنڈی، نواحی علاقوں سمیت خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں سے مریض اچھے علاج کی توقع لے کر آتے ہیں تاہم انھیں یہاں ناقص انتظامات کا سامنا کر کے شدید مایوسی ہوتی یے۔آزاد کشمیر کے شہری جاوید عباسی نے بتایا کہ وہ پیر چناسی کے علاقے سے اپنی بہن کو انتہائی مشکل حالات میں پمز لایا لیکن افسوس کہ زچگی کے عمل سے گزرنے والی مریضہ کو پہلے ایمرجنسی میں رکھا گیا جہاں ائیر کنڈیشن تو چھوڑیں عام پنکھے بھی کام نہیں کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے بعد ہماری مریضہ کو جنرل وارڈ بھجوا دیا گیا جہاں یہی صورتحال ہے۔خیبر پختونخوا سے آئے ہوئے ستر سالہ گل فراز خان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو چھوڑو یہاں تو ڈاکٹروں کا گرمی سے برا حال ہے۔ہم نے اپنی آنکھوں سے فی میل ڈاکٹروں اور نرسز کو پیسنے میں شرابور دیکھا ہے اگر ہسپتال انتظامیہ کو اپنے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی پروا نہیں تو مریضوں کو کون پوچھے گا۔

ایک خاتون ڈاکٹر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پورے ایم سی ایچ سنٹر میں مریضوں یا ڈاکٹروں کے لئے پینے کے ٹھنڈے پانی تک کا انتظام نہیں۔ہم گھروں سے جو پانی بوتلوں میں۔ ساتھ لاتے ہیں وہ بھی شدید گرمی اور حبس میں گرم ہو کر پینے کے قابل نہیں رہتا۔ہسپتال انتظامیہ کو کئی بار تحریری طور پر صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا جا چکا ہے تاہم کوئی کچھ نہیں کرتا اور مریضوں کے لواحقین ۔

ڈاکٹروں سے جھگڑا کرتے ہیں۔افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ "ایچ ڈی ای", جہاں مریض کو آپریشن کے فوری بعد انتہائی نگہداشت میں رکھا جاتا ہے ،وہاں بھی اے سی کام نہیں کرتے تھے جس سے مریضوں کے زخم مندمل ہونے کی بجائے خراب ہو جاتے تھے جس پر سینئر ڈاکٹروں نے اپنی زکوٰ ة کے پیسوں سے "ایچ ڈی ای" میں اے سی اور جنرل وارڈ میں پنکھے لگوائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات