اورکزئی اور مالاکنڈ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی ،ملبے تلے دب کر 5 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ،3 زخمی

بدھ 7 اگست 2019 17:04

مالا کنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2019ء) اورکزئی اور مالاکنڈ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی ملبے تلے دب کر 5 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اورکزئی اور مالاکنڈ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 5 سالہ بچہ اور خاتون جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے جمعے تک ان مون سون ہوائوں میں شدت کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش جبکہ خیبر پختون خوا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات تا جمعہ مقامی دریائوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، لاہور، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ تیز بارشوں سے ہزارہ، مالا کنڈ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔