شاہد آفریدی نے اپنی گاڑی اور گھر پر کشمیر کا جھنڈا لہرا دیا

سابق کپتان حال ہی میں گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کھیل کر وطن واپس آئے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اگست 2019 13:15

شاہد آفریدی نے اپنی گاڑی اور گھر پر کشمیر کا جھنڈا لہرا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے اپنی گاڑی اور گھر پر کشمیر کا جھنڈا لہرا دیا۔گلوبل ٹی ٹونٹی میں دھواں دار اننگز کھیلنے کے بعد شاہد آفریدی نے وطن واپس پہنچ گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کے بھائی مشتاق آفریدی نے اپنے بھائی کو کینیڈین کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام گلوبل ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں شرکت کر کے وطن واپسی پر انہیں ویلکم بیک کہتے ہوئے ویڈیو اپلوڈ کی۔

ویڈیو میں شاہد آفریدی کی گاڑی نظر آرہی ہے جس کے فرنٹ میں پاکستان کا جھنڈا چسپاں ہے جبکہ گاڑی کی پچھلی سیٹس پر کشمیر کا جھنڈا لہراتا ہوا نظر آرہا ہے،ویڈیو میں شاہد آفریدی اپنے مداحوں سے ہاتھ بھی ملا رہے ہیں اور انہیں جشن آزادی کی مبارکباد بھی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ملک بھر میں 72 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا جارہا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہ 14اگست کو یوم آزادی ”کشمیر بنے گا پاکستان “ کے جوش وجذبے کے تحت منا رہے ہیں۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاﺅں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی داراالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کےلئے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کےساتھ ساتھ ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ کچھ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے اور گاڑیوں کو شاہراہوں کے درمیان کھڑی کرکے گانوں کی دھنوں پر رقص کرتے رہے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کےلئے جو یک طرفہ اقدام کیا ہے اس نے پوری پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے اور ہرپاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ آزاد کشمیر کا پرچم بھی لہرا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے ہمارے دل کشمیریوں کےساتھ دھڑکتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں جبکہ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔دنیا بھر کی طرح پاکستانی قوم نے بھی تحریک آزادی کشمیر کےخلاف بھارتی ہتھکنڈے مسترد کردیئے ہیں اور اس بار یوم آزادی کو بطور یکجہتی کشمیر منانےکا عزم کیا ہے۔