یومِ آزادی پر تمام ٹال پلازوں اور بریفنگ پوائنٹس پر تحائف کی تقسیم

بدھ 14 اگست 2019 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) موٹروے پولیس نے 72ویں یومِ آزادی تقریبات کے موقع پر تمام ٹال پلازوں اور خصوصی بریفنگ پوائنٹس پر روڈ استعمال کرنے والوں میں تحائف کی تقسیم کئے۔ یومِ آزادی کے موقع پر مہمان خصوصی نامور کرکٹر شاداب خان نے شرکت کی اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے موٹروے زون میں ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نارتھ ریجن عباس حسین ملک اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس اشفاق احمد کی زیرِ نگرانی جشنِ آزادی کے اس پرمسرت موقع پر ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات مکمل کئے۔

بدھ کو موٹروے پولیس سے جاری بیان کے مطابق ڈی آئی جی موٹروے پولیس پولیس اشفاق احمد نے کہا کہ موٹروے زون جو کہ پشاور تا لاہور ایم ون، ایم ٹو پر محیط ہے اور پاکستان کے تقریباً تمام شہروں کو جانے والی ٹریفک موٹروی سے گزرتی ہے لہذا جشنِ آزادی کے اس پرمسرت موقع پرروڈ استعمال کرنے کی سہولت، بروقت امداد اور ٹریفک کے بلاتعطل بہائو کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کے لئے ایس ایس پیز نے اپنے اپنے سیکٹرز میں ٹریفک فلو کی نگرانی کی جبکہ ڈی ایس پیز اپنے بیٹ ایریاز میں مسلسل پٹرولنگ کو یقینی بنایا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس اشفاق احمد نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر لگائے گئے خصوصی روڈ سیفٹی سٹال کا دورہ کیا جہاں پر روڈ سیفٹی سے متعلق سوال و جوابات کے مقابلے کا انعقاد ہوا ا ور ڈی آئی جی موٹروے پولیس اشفاق احمد نے بچوںمیں خصوصی گفٹس تقسیم کیے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی مشہور کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس موقع پر آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ موٹروے زون کے تمام ٹال پلازوں پر خصوصی بریفنگ پوائینٹس کے ساتھ ساتھ جشن آزادی سٹال لگائے گئے جہاںخصوصی بریفنگ افسران روڈ یوزرز کو روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی دی گئی۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ تمام سیکٹرز میں جشن آزادی ریلیاں منعقد کی گئی اور یومِ آزادی کے موقع پر ٹریفک بے ضابطگیوں کے تدارک کیلئے سپیشل سکواڈز کا قیام عمل میں لایاگیا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پولیس اور عوام کے درمیان دوریوںکے خاتمے اور اچھے پولیس پبلک ریلیشن استوار کرنے کے لئے موٹروے زون کے تمام ٹال پلازوں اور خصوصی بریفنگ پوائینٹس پر روڈ یوزرز میں تحائف تقسیم کئے گئے۔