عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا بھر میں خسرہ کی وباء بڑھنے کا انتباہ

جمعرات 15 اگست 2019 13:13

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) عالمی ادارہ صحت دنیا بھر میں خسرہ کی وباء کے تیزی سے اضافے سے خبردار کر دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے سات ماہ میں دنیا بھر میں خسرہ کے واقعات میں گزشتہ سال کے اِسی دورانیے کے مقابلے میں تقریباً تین گٴْنا اضافہ ہوا ہے۔ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری اور جولائی کے درمیان 182 ممالک میں 3 لاکھ 64 ہزار 800 سے زائد افراد کو یہ بیماری لگی۔

یہ اضافہ اٴْن ممالک میں نمایاں ہے جہاں بہت سے لوگوں کو کبھی ویکسین نہیں دی گئی۔جغرافیائی لحاظ سے افریقہ میں متاثرہ لوگوں کی تعداد میں 900 فیصد اضافہ ہوا جس کی زیادہ تر وجہ اِس خطّے میں صحت دیکھ بھال نظام کی بدحالی ہے۔

(جاری ہے)

مغربی بحرالکاہل کا خطّہ جس میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیاء شامل ہے، وہاں 230 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ امریکہ میں خسرہ سے متاثرہ لوگوں کی تعداد 25 سالوں میں سب سے زیادہ تھی۔

یورپ میں ویکسین دینے کے جامع نظام کے باوجود متاثرہ افراد کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافے کیساتھ تقریباً 90 ہزار ریکارڈ کی گئی۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین دیئے جانے والے افراد کی بلند شرح والے ممالک میں بھی خسرہ پھیل رہی ہے کیونکہ مخصوص علاقوں میں یا مخصوص عمر والے لوگوں کے گروپوں کو ویکسین نہیں دی گئی تھی۔