بٹگرام میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، انجمن تاجران اور اقلیتی برادری نے ریلی نکالی

مقبوضہ کشمیر بھارت کے تسلط سے جلد آزاد ہو گا، غفار خان، ڈاکٹر اوم پرکاش

جمعہ 16 اگست 2019 18:05

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) بٹگرام میں انجمن تاجران اور اقلیتی برادری کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس روز بٹگرام بھر میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے۔ انجمن تاجران اور اقلیتی برادری کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ٹریڈ یونین کے صدر غفار خان اور اقلیتی برادری کے ڈاکٹر اوم پرکاش اور بل رام وجے نے کی۔

ریلی میں اقلیتی برادری اور تاجر برادری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ’’بھارت مردہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر سے رشتہ کیا لاالہ الا الله اور پاک آرمی زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے شاہراہ ریشم پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے بھی جلائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران کے صدر غفار خان نے کہا کہ بھارت کے مظالم دنیا پر عیاں ہو گئے ہیں، انشاء الله بھارت کے تسلط سے مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو گا اور پورا بھارت 20 سے زائد ٹکروں میں بھی تقسیم ہو گا۔

ڈاکٹر اوم پرکاش نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی ہر سطح پر اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔