نوشہروفیروز میں گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا

آج سے ایک بشر دو شجر کے نام سے موسون شجرکاری مہم شروع کی ہے، تمام محکموں کو رعایتی نرخوں پر پودے فراہم کئے جائیں گے، فاریسٹ آفیسر

اتوار 18 اگست 2019 19:10

نوشہروفیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) نوشہروفیروز ضلع میں وزیر اعظم کے پروگرام گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں پلانٹ فار پاکستان کے عنوان کے تحت ایک بشر دو شجر کے نعرے کے ساتھ شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ۔ آج ضلع کے تمام سرکاری دفاتر جن میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ رونیو،محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، پی پی ایچ آئی، آئی ایچ ایس سمیت میں شجرکاری کی گئی۔

اس موقع پر ایس ایس پی نوشہروفیروز کیپٹن (ر) طارق ولایت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تاشفین عالم، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مشتاق علی زرداری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علی احمد شاہ، سوشل ویلفیر آفیسر سجاد میمن اور دیگر پبلک پارک نوشہروفیروز میں پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر نے بتایا کہ آج سے ایک ایک بشر دو شجر کے نام سے موسون شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے۔

مہم کے دوران تمام محکموں کو رعایتی نرخوں پر پودے فراہم کئے جائیں گے۔ جبکہ محکمہ جنگلات اپنے محکمے کی زمین پر بھی شجرکاری کرر ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان ہم سب کے مفاد میں بہتر ہے کیوں کہ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے اور اس سے ہمارے ماحول میں بڑھتی ہوئی گرمی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ جبکہ دوسری جانب سول اسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر عبداللہ تنیو نے سول اسپتال کے پارک میں پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا اس موقع پر ڈاکٹر رحمت اللہ، ڈاکٹر سعید احمد جلبانی اور دیگر موجود تھے۔اسی طرح محکمہ پولیس، محکمہ پبلک ہیلتھ، محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی اپنے اپنے دفاتر کے پارکوں میں پودے لگائے اور وزیر اعظم پاکستان کی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔