خ* سندھ حکومت ، میئرکراچی سمیت تمام انتظامیہ کام چور ہے ،عبدالحاکم قائد

بدھ 21 اگست 2019 21:20

خ* سندھ حکومت ، میئرکراچی سمیت تمام انتظامیہ کام چور ہے ،عبدالحاکم ..
ہ*کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ،میئر کراچی اور کراچی کے تمام انتظامی ادارے نااہل اور کام چور ہوچکے ہیں ۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پاسبان کے امیدوار کھڑے کریں گے جو کراچی کو مسائلستان سے نجات دلائیں گے،اپنی بجلی ،اپنا بیت المال ہوگا اور عوام کو بنیادی حقوق بھی میسر ہوں گے ۔

وہ گذشتہ روزپاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سلیم جنجوعہ ،شفقت ،رضوں شانی ،محمد آصف ،محمد علی ،خادم حسین ،لیاقت علی ،محمد عظیم ،محمد شکیل ،محمد رشید ،نعیم خان ،آصف بخش و دیگر کے ہمراہ نصرت بھٹو کالونی کے دورے کے موقع پر علاقہ مکینوں سے ملاقات میںگفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ حکومت سندھ 12سال میں سندھ کے عوام کو مسائل کے انبار، کچرے کے ڈھیروں ،گندگی ،پینے کے آلودہ مضر صحت پانی ،ٹوٹی پھوٹی سڑکوں ،خستہ حال ٹرانسپورٹ سے نجات نہیں دلا سکی اور میئر کراچی روز اول سے ہی رونے دھونے میں مصروف ہیں ۔

پاسبان کا میئر آئے گا تو مسائل حل کرکے بھی دکھائے گا ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ سندھ اور کراچی کو مافیائوں کے حوالے کردیا گیا ہے اور تمام مافیائیں الگ الگ طریقے سے سندھ اور کراچی کے عوام کو،ذہنی و جسمانی اذیت کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعدسے آج تک عوام کو پانی ،بجلی ،صحت و صفائی کے مسائل میں جکڑے رکھنا اس بات کی علامت ہے کہ ہر سال بجٹ پاس کرو اور ہڑپ کروکی پالیسی ختم نہیں ہوگی مگر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا مئیر بجٹ عوام کی فلاح و بہبود پر لگائے گا اورعملی طور پربہت کچھ کرکے دکھائے گا ۔

انہوں نے کراچی بھر کے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی جدوجہد تیز کریں اور اپنے علاقوں میں عوام کے اصل خدمت گاروں کو تلاش کریں اور انہیں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت کے لئے باقاعدہ دعوت دیں #