لندن سے لاہور کے لیے پرواز کرنے والے پی آئی اے کے طیارے کی ماسکو میں ہنگامی لینڈنگ

مسافر خاتون کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث جہاز کو ہنگامی طور پہ ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا: ترجمان پی آئی اے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 23 اگست 2019 15:54

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23اگست 2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی لندن سے لاہور کے لیے آنے والی پرواز PK758 میں خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث طیارے کو ماسکو میں ہنگامی طور پہ اتارنا پڑ گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 58 سالہ خاتون مسافر کی جان بچانے کیلئے طیارے کے کپتان نے پرواز کا رخ موڑتے ہوئے طیارے کو ماسکو میں لینڈ کروا دیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے کیبن کے عملے نے طیارے میں موجود تین ڈاکٹرز کی مدد سے خاتون مسافر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ خاتون مسافرکی طبی حالت کے پیش نظر طیارے میں موجود ڈاکٹرز نے مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد طیارے کے کپتان خالد انور نے طیارے کو قریبی ماسکو ائیر پورٹ پر اتار دیا جہاں سے مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مسافر شہناز اختر کی طبی حالت اب بہتر ہے اور پی آئی اے نے لاہور میں ان کے عزیز واقارب کو اس حوالے سے اطلاع دے دی ہے۔ طیارہ دو گھنٹے ماسکو میں رکنے کے بعد لاہور کیلئے پرواز کرگیا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک اور چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر نے کاک پٹ کریو اور کیبن کریو کی خدمات کے اعتراف میں ان کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ دُبئی اور ابو ظہبی کے کرائے میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس خبر نے پاکستانی تارکین وطن میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ قومی ایئر لائن کے مطابق دُبئی کا کرایہ پہلے 55 ہزار روپے تھا جو کہ اب حالیہ اضافے کے بعد بڑھ کر 61ہزار ہو گیا ہے۔ اسی طرح ابو ظہبی کا کرایہ بھی 55 ہزار سے بڑھا کر 61ہزار 200 روپے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے مِڈل ایسٹ کے دونوں سیکٹرز یعنی دُبئی اور ابو ظہبی کے کرایوں میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد اب لاہور سے دُبئی کا دو طرفہ کرایہ 61 ہزار جبکہ لاہور سے ابو ظہبی کاکرایہ 55ہزار سے بڑھ کر 61 ہزار 200 روپے تک پہنچ گیا ہے۔