امریکا جلد امن معاہدہ کیلئے تھوڑی سی لچک دکھائے: افغان طالبان نے امریکہ سے مطالبہ کر دیا

جیسے ہی امریکی افواج کے افغانستان سے نکلنے کا معاملہ طے ہو گا، معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہو جائیں گے: افغان طالبان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 24 اگست 2019 20:38

امریکا جلد امن معاہدہ کیلئے تھوڑی سی لچک دکھائے: افغان طالبان نے امریکہ ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اگست2019ء) افغان طالبان نے افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں امریکہ سے مطالبہ کر دیا ہے کہ امریکا جلد امن معاہدہ کیلئے تھوڑی سی لچک دکھائے۔ طالبان نے کہا ہے کہ جیسے ہی امریکی افواج کے افغانستان سے نکلنے کا معاملہ طے ہو گا، وہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان نواں امن مذاکرات جاری ہیں۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان کے لیڈر ملا برادر مذاکرات میں اپنے وفود کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ طالبان کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکہ اور طالبان دونوں فریق ان نکات پر قیادت سے مشاورت کے بعد دوبارہ مذاکرات کے لیے قطر کے شہر دوحہ میں اکھٹے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال، کیا کوئی ایسا نقطہ ہے جس پر مذاکرات تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں؟ تو انہوں نے پر امید لہجے میں معاہدے کی جلد منظوری کی توقع ظاہرکی۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی 19 سالہ طویل جدوجہد کا مقصد افغانستان میں غیر ملکیوں کے قبضے کو ختم کرنا ہے اور مذاکرات میں امریکی افواج کے انخلا کی ڈیڈ لائن پر بات ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان میں 18 برس سے جاری جنگ کے خاتمے اور قیامِ امن کے سلسلے میں افغان طالبان اور امریکا کے مابین ہونے والے مفاہمتی عمل میں غیر ملکی افواج کے انخلا کی مدت پر اتفاق ہو گیا۔

طالبانکے ترجمان سہیل شاہین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انخلا کے وقت کے حوالے سے ہم سمجھوتے پر پہنچ چکے اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔ دوسری جانب افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں پچیس طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ بلخ کے ضلع چامتال میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کلین اپ کیا جس کے نتیجے میں پچیس طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے طالبان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہ کئے ہیں۔