Live Updates

’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا

اتوار 25 اگست 2019 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے نوجوانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور اپنے روزگار کا موقع فراہم کرنے کیلئے’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا جس کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نی اپنے پارٹی منشور میں نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دی اور ان کے لئے حکومت میں آنے سے پہلے بھی انقلابی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ اس تناظر میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا جس کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ سٹرٹیجک روڈ میپ کے پہلے مرحلے میں نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا جا چکا ہے اور نیشنل یوتھ کونسل تشکیل دی جا چکی ہے۔

دوسرے مرحلے میں کامیاب جوان پروگرام کا باقاعدہ اجراء ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان (اسکل فار آل)، اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک مخصوص پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

پورٹل کے تحت پروگرام سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کا تمام ریکارڈ مرکزی سطح پرجمع ہو سکے گا اور مستند اور قابل اعتماد ڈیٹا میسر آئے گا۔ ماضی کے پروگرام اور موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کامیاب جوان پروگرام کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو معلوم ہو گا کہ ماضی میں نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرض فراہم کرنے کا دائرہ کار نہایت محدود تھا لیکن کامیاب جوان پروگرام کے تحت اس دائرہ کار کو بڑھایا گیا ہے اور قرض کی فراہمی کے لئے دو درجے بنائے گئے ہیں۔

پہلی درجہ بندی میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک سے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے جبکہ دوسری سطح پر پانچ سے پچاس لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے قرض کے حصول کے لئے کسی تیسرے فرد کی جانب سے بنکوں کو گارنٹی فراہم کرنے کی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے اور نوجوان براہ راست پورٹل کے ذریعے بنکوں سے قرض حاصل کر سکیں گے۔

اس ضمن میں پہلے مرحلے میں تین بنک (نیشنل بنک، بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب) نوجوانوں کو براہ راست قرض فراہم کریں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پورٹل کے قیام کا مقصد پروگرام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا اور قرضوں کے حصول میں کسی قسم کے صوابدیدی اختیار، ذاتی پسند نا پسند یا کسی دیگر وابستگی کو ملحوظِ خاطر لائے بغیر میرٹ کی بنیاد پر قرض فراہم کرنا ہے۔

پورٹل کی مدد سے نوجوان آن لائن درخواستیں جمع کرائیں گے جو نہ صرف فوری طور پر بنکوں تک پہنچیں گی بلکہ وزیرِاعظم آفس میں بھی اس کا مکمل ریکارڈ موجود ہوگا اور اس پورے عمل پر نظر رکھی جاسکے گی تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ماضی میں شروع کئے جانے والے پروگرام کے تحت دیئے جانے والے قرضے محض ایک دو شعبوں تک محدود ہو کر رہ گئے تھے۔

کامیاب جوان پروگرام میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای ۔کامرس اور اسی طرح کے دیگر جدید شعبوں میں بھی نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے وافر مواقع میسر آئیں۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پانچ سالوں میں 100 ارب روپے تک کے قرضے تقریباً ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کا حصول نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ان پروگراموں کا اجراء پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں نوجوانوں نے پاکستان تحریک انصاف کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں سے وعدے کیے تھے کہ انہیں روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو ان کی اہلیت کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور وہ مالی طور پر خودمختار بن جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات