صفائی مہم کے دوران 47 ہزار ٹن کچرا نالوں سے نکالا گیا ہے‘ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی

اتوار 25 اگست 2019 23:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ اب تک47 ہزار ٹن کچرا نالوں سے نکالا جا چکا ہے، اس وقت شہر میں صرف11 جی ٹی ایس ہیں جس میں سے صرف 5 آپریشنل ہیں، کم ازکم ہر یونین کونسل کی سطح پر ایک جی ٹی ایس ہونا چاہیئے، صفائی مہم غیر سیاسی اور یہ اس شہر میں بسنے والے ہر شہری کی مہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایف - ڈبلیو- او ہیڈ آفس میں کراچی صفائی مہم کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ نالوں کو صاف کرنے کے بعد نالوں میں پانی بہنا شروع ہوگیا ہے، صفائی کے دوران نالوں سے موٹر سائیکلیں بھی نکلیں ہیں، تجاوزات کی وجہ سے کچھ جگہوں پر مشینری نہیں جاسکتی وہاں اب لوگوں کے ذریعے صفائی کرائی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کچرا اٹھانا میرا نہیں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو28 ڈالر پر ٹن ٹھیکہ دیا گیا ہے اور ہم10 ڈالر پر ٹن میں کچرا لینڈ فل سائٹ تک لیکر جارہے ہیں۔ تجاوزات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نالوں پر گھر اور کمرشل پروجکٹس بنا دیئے گئے ہیں اور فیکٹریوں کا کچرا بھی نالوں میں ہی جارہا ہے۔ اس موقع پر علی زیدی نے کہا کہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کرتا ہوں کہ شہر کو صاف کریں کہیں خدا نہ خواستہ بیماریاں نہ پھیل جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ سے صفائی نہیں ہوتی تو آپ لکھ کر دیں صفائی بھی ہم کردیں گیں۔ تقریب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ نالوں کے علاوہ کمیونٹی کا بھی ہزاروں ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے اور کے پی ٹی، پی آئی سی ٹی اور بحریہ ٹاؤن نے اس صفائی مہم کے دوران جو کام کیا ہے وہ اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی ایس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں نے سڑکوں، نالوں اور پارکس کو جی ٹی ایس بنا دیا ہے اور وہاں کچرا پھینک دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے بریفنگ کے دوران نالوں کی صفائی سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز بھی دکھائیں جس میں صفائی سے پہلے نالے کچرے سے بھرے نظر آرہے تھے جبکہ صفائی مہم کے بعد نالے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔