سرگودھا ‘ بھائی،بھاوج اور بھتیجے، بھتیجیاں سمیت سات افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر خودکشی کرنے والے سمیت مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد

بدھ 28 اگست 2019 13:36

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2019ء) سرگودھا میں گھریلو تنازعہ پر فائرنگ کر کے بھائی،بھاوج اور بھتیجے، بھتیجیاں سات افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر خودکشی کرنے والے سمیت مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے پولیس نے وقوعہ کے شواہد کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا اور واقعہ کا نوٹس لئے جانے پر ابتدائی رپورٹ حکام کو بجھوا دی۔

جس کے مطابق 27اگست کی صبع سرگودھا کے علاقہ سیال موڑ چک خانہ کالونی ڈیرہ منصب دار پر گھریلو تنازعہ میں پٹھان قبیلہ کے نور دین خان نے اپنے بھائی اکبر خان، دو بھتیجوں قلم دین اور جمال خان، ان کی بیویوں شائستہ بی بی زوجہ قلم خان، باڑنگ بی بی زوجہ جما ل خان اور بھاوج شاہو بی بی زوجہ ابراہیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا جس کے بعد نور دین نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی جبکہ وقوعہ میں اکبر خان کا تیسرا بیٹا دوران خان شدید زخمی ہوا جو جانبر نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق تاحال قتل کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی جبکہ قاتل کا ذہنی توازن بھی خراب بتایا جا رہا ہے جس کی گھریلو تنازعہ پر بات چیت میں مقتولین سے معمولی تلخ کلامی ہوئی اور اس نے اپنے ویڈیو پیغام میں مقتولین کو ماں سے نارواسلوک اور موت کا ذمہ دار قرار دیا اور اسی بنا پر طیش میں فائرنگ کرکے گھرانے کی تین خواتین سمیت سات افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

آئی جی پنجاب اور وزیراعلی پنجاب سمیت اعلی حکام نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جہنیں ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کر دیا گیا اور تھانہ لکسیاں نے وقوعہ کی رپٹ درج کرتے ہوئے مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیں اور PFSAکی ٹیم اور موبائل کرائم سین یونٹ نے جائے واردات سے محفوظ کی گئیں شہادتوں کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔مقتولین کو ان کے آبائی علاقہ میں سپردخاک کر دیا گیا ۔