Live Updates

مجھے کرنٹ کیا لگ گیا،جسم اور چارج ہوگیا ہے، شیخ رشید

عمران خان کسی قیمت پراین آراو نہیں دے گا، اگر چورلٹیروں سے آئی ایم ایف اور ریکوڈیک کے برابر ریکوری ہوتی ہے توان سے جان چھڑا لینی چاہیے۔ تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 1 ستمبر 2019 22:41

مجھے کرنٹ کیا لگ گیا،جسم اور چارج ہوگیا ہے، شیخ رشید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم ستمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے کرنٹ کیا لگ گیا، جسم اور چارج ہوگیا ہے، عمران خان کسی قیمت پراین آراو نہیں دے گا، میں نے کہا کہ چورلٹیروں سے آئی ایم ایف اورریکوڈیک کے برابر ریکوری ہوتی ہے توان سے جان چھڑا لینی چاہیے۔ انہوں نے آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کرنٹ کیا لگ گیا، جسم اور چارج ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنایا جا رہا ہے۔ مودی ہٹلرنے بڑی غلطی کی اس سے بھر پورفائدہ اٹھانا چاہیے۔ جس طرح عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے ، ماضی میں کسی حکمران نے اتنے جوش سے مسئلہ کشمیرنہیں اٹھایا۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کسی قیمت پراین آراو نہیں دے گا، چورلٹیروں سے آئی ایم ایف اورریکوڈیک کےبرابرریکوری ہوتی ہےتوان سےجان چھڑالینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسافرگاڑی میں5 سے10ارب روپے کا منافع کمایا ہے۔ مزید برآں ننکانہ صاحب میں ریلوے اسٹیشن کی زیر تعمیر عمارت کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ و فاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اپنے رویے سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی۔ ایٹمی دھماکے کرکے بھارت نے بہت غلط کام کیا ۔ جواب میں ہم نے بھی ایٹمی دھماکے کئے اور اس وقت اس پوزیشن میں ہیں کہ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس چھوٹے چھوٹے ایٹمی ہتھیار بھی موجود ہیں۔ جو بوقت ضرورت استعمال ہو سکتے ہیں۔ بھارت نے اگر جنگ کی کوشش کی تو یہ آخری جنگ ہو گی ،اگر بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی طرف جائے گا تو پھر ہی مذاکرات کی بات ہو گی۔ وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا‘ یہ مودی کا بہت پرانا ایجنڈا تھا‘ میں مودی کو پڑھنے اور سمجھنے میں ناکام نہیں ہوا‘ انڈیا کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنا سکتا بلکہ ہندو ستان کے اپنے 22 ملک بننے جارہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نومبر کے وسط میں ننکانہ کے نئے ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرینگے‘ انہوں نے ٹھیکیدار کو تنبیہہ کی کہ وہ 30 اکتوبر تک ننکانہ ریلوے سٹیشن کی عمارت کو مکمل کریں تاکہ بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن پر یہ عمارت ہر حال میں مکمل ہو‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن سے ایک فینسی روڈگورودوارہ جنم استھان تک تعمیر کی جارہی ہے۔

انہوں نے سڑک کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ اسے بھی بابا گورونانک یوم پیدائش سے پہلے مکمل کر دیا جائے اور اس پر 15 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا ،وہ اپنے ملک میں مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھتا ہے۔ آسام اور دوسری ریاستوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن مسلمانوں نے بھارت میں رہنے کا انتخاب کیا، انہوں نے بھارت میں اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیا لیکن آج ان کی زندگیاں غیر محفوظ ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات