Live Updates

ملکی معیشت نہیں بلکہ کرپشن کرنے والے ریڈ زون میں ہیں ‘ ہمایوں اختر خان

کشمیر پر حکومت کی واضح اور دو ٹوک پالیسی ہے ،پوزیشن دھمکیاں دینے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرے ‘ سینئر مرکزی رہنما

منگل 3 ستمبر 2019 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت نہیں بلکہ کرپشن کرنے والے ریڈ زون میں ہیں ،مولانا فضل الرحمان عام انتخابات میں اپنی اور اتحادیوں کی شکست کو بھلا نہیں سکے اوروہ دن بھی دور نہیں جب عوام کرپشن اور لوٹ مار کرنے پر ان کا محاصرہ بھی کریں گے ،موجودہ حکومت کی کشمیر پر گومگو کی نہیں بلکہ دو ٹوک اور واضح پالیسی ہے ،بھارت کا ظلم مٹنے والا ہے اور کشمیریوں کی قربانی ضرور رنگ لائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں نے قومی خزانے میں کئی اطراف سے نقب لگا رکھی تھی جسے موجودہ حکومت نے مکمل بند کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سابقہ ادوار میں حکومتوں کے پہلے سال میں کرپشن کی ہوشربا کہانیاں سامنے آ چکی ہوتی تھیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی وجہ سے حکومتی سطح پر کرپشن کاایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا اوریہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے ۔

پی ٹی آئی کے دور میں حکمرانوں کی جیبیں نہیں بھری جائیں گی بلکہ عوام کے ٹیکسز کا پیسہ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے ناقص پالیسیوں کا نفاذ کیا جس کی وجہ سے متعدد قومی ادارے سالانہ اربوں روپے کا خسارہ کر رہے ہیں ۔موجودہ حکومت اصلاحات کے ساتھ نجکاری کیلئے بھی عمل پیرا ہے جس سے ہر سال اندھے کنویں میں گرنے والے اربوں روپے بچائے جا سکیں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میںا پوزیشن دھمکیاں دینے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرے کیونکہ سیاست کیلئے بڑا وقت ہے ۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات