صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے راولپنڈی شہر میں موجود کھیل کے میدانوں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کیلئے ایکشن کمیٹی تشکیل دیدی

کمیٹی ایک ہفتے کے اندر تمام میدانوں کا سروے کرکے ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی

منگل 3 ستمبر 2019 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے راولپنڈی شہر میں موجود کھیل کے میدانوں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کیلئے ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے جو اگلے ایک ہفتے کے اندر تمام میدانوں کا سروے کرکے ان میں موجود سہولیات ، کس کے کنٹرول میں ہیں اور ان میں کب کون سی کھیلوں کا انعقاد ہو ا، کے بارے میں ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی ․ یہ کمیٹی چئیرمین پی ایچ اے آصف محمود کی سربراہی میں کام کرے گی اور اس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ، ڈی جی پی ایچ اے ، ڈائریکٹر کالجز ، سی او ایجوکیشن اور دو نمائندے صوبائی وزیر کی جانب سے شامل ہونگے ․ یہ فیصلہ آج یہاں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا ․ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا کے علاوہ چئیرمین پی ایچ اے آصف محمود ، سپورٹس، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران اس موقع پر موجود تھے ․ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایات کے تحت صوبے میں موجود کھیل کے تمام میدانوں کو حقیقی معنوں میں سپورٹس سرگرمیوں کیلئے آباد کرنا چاہتی ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے بچ کر مثبت سمت آگے بڑھ سکے ․ انہوں نے متعلقہ حکام سے تمام میدانوں میں موجود سہولیات ، وہ کس کے کنٹرول میں ہیں اور وہاں کب اور کون سے سپورٹس کا انعقاد ہوا کے بارے میں استفسار کیا ․ انہوں نے کہا کہ تمام میدانوں میں کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرکے انہیں آباد کیا جائیگا ․ راجہ راشد حفیظ کو مختلف یونیورسٹیوں ، کالجوں اور سکولوں کے زیر کنٹرول کھیل کے میدانوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔