سمندری طوفان ڈوریان کے دوران ایک خاتون نے اپنے گھر کے دروازے 97 کتوں کو پناہ دینے کے لیے کھول دئیے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 3 ستمبر 2019 23:54

سمندری طوفان ڈوریان  کے  دوران ایک خاتون نے اپنے گھر کے دروازے 97 کتوں ..

سمندری طوفان ڈوریان نے بہاماس میں کافی تباہی مچائی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بہاماس کی ایک خاتون کی کافی تعریف کر رہے، جنہوں نے طوفان کے دوران 97  کتوں کو  بچانے کے لیے اپنے گھر میں پناہ دی۔
چیلا فلپس ، منیجر وائس لیس ڈاگز آف ناساؤ، بہاماس، نے فیس بک پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ ان تصویروں میں اُن کے گھر کو ہر سائز اور ہر طرح  کے کتوں  سے بھرا ہوا دکھایا گیا ہے۔

یہ تنظیم جزیرے کے مقامی کتوں   کو اپنانے کے لیے امریکی  ریسکیو ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔
مس فلپس نے اتوار کوایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ اُن کے گھر میں اس وقت 97 کتے ہیں، جن میں سے 79 اُن کے ماسٹر بیڈ روم میں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی کتے نے اُن کے بستر پر چھلانگ نہیں لگائی۔مس فلپس نے بتایا کہ انہوں  نے کتوں کے لیے میوزک لگایا اور اے سی بھی چلا دیا۔

(جاری ہے)


مس فلپس کی دو دن پہلے کی جانے والی پوسٹ 44ہزار بار شیئر ہوئی ہے اور اس پر 64 ہزار سے زیادہ ری ایکشنز آئے ہیں۔ اس پوسٹ کو دیکھ کر بہت سے  لوگوں نے مس فلپس کو عطیات کی پیش کش کی بھی ہے۔
سمندری طوفان ڈوریان کو پانچویں درجے  کا طوفان قرار دیا گیا ہے۔اتوار کو  اس طوفان سے بہاماس میں سیلاب آیا گیا اور تیز ہوائیں  چلیں۔ منگل کو سمندری طوفان کا زور کم ہوگیا اور  یہ بہاماس سے امریکا کے جنوب مشرق ساحل کی  طرف بڑھنے لگا۔ یہ جلد ہی   فلوریڈا، جارجیا، جنوبی اور شمالی کیرولائنا سے ٹکرا جائے گا۔ امریکا کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لاکھوں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔