نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے خاندان سے17 کلو468 گرام ہیروئن برآمد

مرکزی ملزم کو پورے خاندان سمیت گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 ستمبر 2019 12:39

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے خاندان سے17 کلو468 گرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 ستمبر 2019ء) : نیواسلام آباد ائیرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ بیرون ملک جانے والے خاندان سے 17 کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم کو پوری فیملی سمیت گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورکا رہائشی عابد منظور اپنے خاندان کے کچھ افراد کے ہمراہ قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 791 کے ذریعے نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے برمنگھم جانے کے لیے پہنچا۔

جہاں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملے نے اس کے سامان کی تلاشی لی تو سامان سے بھرے چار بیگوں میں سے مجموعی طور پر17 کلو468 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

اے این ایف حکام نے بتایا کہ ملزم نے منشیات کو اسپرے کی بوتلوں، سگریٹ کے ڈبوں، شیمپو کی بوتلوں، صابن کے ڈبوں، ٹیلکم پاوڈر کے ڈبوں، پلاسٹک کے کرکٹ بیٹس اور ٹافیوں میں چُھپا رکھا تھا۔

ملزم کے ہمراہ اس کی بیوی،بیٹی، دو بیٹے اور ایک بھتیجا احسان فاروق تھے جنہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہےکہ اس سے قبل گذشتہ ماہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے قطر جانے والے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صوابی کے رہائشی حاجی محمد پرواز QR631 کے ذریعے قطر جانے کی کوشش کررہا تھا جب اینٹی نارکوٹکس کے عملہ نے دوران چیکنگ مسافر کے جوتوں سے 1 کلو آئس اوربیگ سے ایک کلو چرس برآمد کر کے گرفتار کرلیا تھا ۔ جبکہ کچھ روز قبل ہی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی لاہور سے سعودی عرب اور لاہور سے مدینہ جانے والے مسافروں کے بیگ کی چیکنگ کے دوران 2 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن اور ہیروئن برآمد کر کے دو افراد محمد سلیم اور ساجد محمد کو رنگے گرفتار کر لیا گیا تھا۔