چینی باپ نے اپنی تین روز کی بیٹی کو سوشل میڈیا پر ملنے والے انجان شخص کو 11 لاکھ روپے میں بیچ دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 6 ستمبر 2019 23:36

چینی باپ نے اپنی تین روز کی  بیٹی کو  سوشل میڈیا پر ملنے والے انجان شخص ..

ایک چینی شخص  نے اپنی  تین روز کی بیٹی کو سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے بیچ دیا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مشرقی چین کے ایک شہر کے میٹرنٹی ہوم کے نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج  میں زہاؤ نامی شخص  کو اپنی بیٹی  کو لے کر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔یہ شخص اپنی بیٹی کو لے کر گاہک کے پاس جا رہا ہے۔
اس کے  بعد اس بچی کو  160 میل دور اس کے نئے گھر لے جایا گیا ۔

زہاؤ اور اس کی بیوی کا کہنا ہے کہ  وہ بچے کو پالنے کی استطاعت نہیں رکھتے، جس کی وجہ سے اسے فروخت کر دیا گیا۔
جیانگسو صوبے  میں چانگزہو شہر کی پولیس نے بتایا کہ بچی کے باپ  کے دوست نے بچی کی فروخت کی پوسٹ کی تشہیر کی۔ یہ پوسٹ میسجنگ پلیٹ فارم وی چیٹ پر کی گئی تھی۔
پولیس نے زہاؤ کی بیوی، بچی کو فروخت کرنے میں معاونت کرنے والے شخص اور بچی خریدنے والے جوڑے کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نےبچی کو سرکاری فلاحی مرکز میں منتقل کر دیا ہے،جہاں اس کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
پولیس کو بچی کی فروخت کے بارے میں ایک انٹرنیٹ صارف نے اطلاع دی تھی۔ اس صارف نے وی چیٹ پر بچی برائے فروخت کی پوسٹ دیکھی تھی۔ پولیس نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ   یہ پوسٹ وانگ نامی شخص نے اپ لوڈ کی ہے۔ مزید تحقیقات سے  تمام لوگ پکڑے گئے۔ اس کے بعد زہاؤ اور اس کی بیوی نے بھی بچی کو فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ معاشی مسائل کی وجہ سے وہ بچی نہیں پال سکتے تھے۔بچی کو خریدنے والے جوڑے نے بھی اپنے جرم کا عتراف کرلیا۔اس جوڑے کا کہنا ہے کہ اُنکی شادی کو بہت سال ہوگئے تھے لیکن خراب صحت کی وجہ سے وہ اولاد پیدا نہیں کر سکتے تھے، اسی لیے انہوں نے جیسے ہی  بچی کی فروخت کا اشتہار دیکھا، انہوں نے اسے خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔
ملکی قوانین کے مطابق اس کیس میں گرفتار تمام افراد کو 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔