وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جنیوا میں اقوام متحدہ میں سینیگال کے مستقل مندوب کولے سیک سے خصوصی ملاقات‘ 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ بھارتی اقدامات اور بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال

منگل 10 ستمبر 2019 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں اقوام متحدہ میں سینیگال کے مستقل مندوب اور اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کونسل کے صدر ایمبیسیڈر کولے سیک سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ بھارتی اقدامات اور بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے صدر ہیومن رائٹس کونسل کو آگاہ کیا کہ بھارت ان یکطرفہ اقدامات کے ذریعے دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے بھی صریحاً منافی ہیں۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے جس کے سبب وہاں بسنے والے لاکھوں انسانوں کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کا شکار نہتے کشمیری، لاچاری کے عالم میں ہیومن رائٹس کونسل سمیت عالمی برادری کی طرف نظریں جمائے ، انصاف کے منتظر ہیں۔صدر ہیومن رائٹس کونسل ایمبیسیڈر کولے سیک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔