نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کیخلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکولز پنجاب عدالت میں طلب

بدھ 11 ستمبر 2019 12:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کے بدھ کے روزعدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز پنجاب کو آج بروز جمعرات ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ جسٹس شاہد وحید نے طالب علم احتصام اور شکیلہ کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ سیکرٹری سکولز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں،عدالت نے تاخیر سے آنے پر ڈپٹی سیکرٹری سکولز سے کہا کہ عدالت تو 9بجے لگتی ہے آپ اب کیاکرنے آئے ہیں۔کیا عدالتیں آپ کے دفاتر ہیں جہاں آپ چکردیتے رہیں۔عدالت نے کہا کہ سیکشن 7 پرعمل درآمد کے لئے کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ اگر کام ہورہے ہوتے تو یہاں لوگوں کو نہ آنا پڑتا۔

ڈپٹی سیکرٹری سکولز نے بدھ کے روزعدالت میں بتایا کہ سیکرٹری سکولزمصروفیت کی بناء پر عدالت پیش نہیں ہوئے۔ جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اورسیکرٹری سکولز پنجاب کو آج بروز جمعرات ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔ عدالت کے روبرو درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اضافی فیسوں کے نام بدل کروالدین سے ہرماہ ہزاروں روپے بٹورے جارہے ہیں، لہذا عدالت ان کے خلاف کارروائی کرے۔