قیام پاکستان قائد اعظم کا احسان عظیم ہے، نیر بخاری کا بانی پاکستان کو خراج عقیدت

قائد اعظم کے فلسفے پر عمل پیرا رہنے کے عہد کی تجدید کی اشد ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی

بدھ 11 ستمبر 2019 16:20

قیام پاکستان قائد اعظم کا احسان عظیم ہے، نیر بخاری کا بانی پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان قائد اعظم کا احسان عظیم ہے۔ ایک بیان میں نیر بخاری نے کہاکہ قائد اعظم کی جمہورری جدوجہد سے پاکستان معرض وجود میں آیا، قائداعظم نے سب سے پہلے دستور ساز اسمبلی کا افتتاح کیا اور آئین کی تشکیل کیلئے کوشاں رہے۔

انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کی فکر کے عین مطابق قائد عوام ذولفقار علی بھٹو نے قوم کو آئین کا تحفہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بانی پاکستان جمہوریت کے سنہرے اصولوں پر غیر متزلل یقین رکھتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ماورائے آئین و قانون اقدامات قائد اعظم کی 11اگست کی تقریر کے برعکس ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئینی و انسانی حقوق حقوق غصب کرنا افکار قائد کی خلاف ورزی ہے، آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی قائد اعظم کا بنیادی مطمع نظر تھا۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کا فلسفہ تفریق امتیازی سلوک اوردوہرے معیار کی بجائے برابری اور مساوات ہے، زبردستی نظریات مسلط کرنا قائد اعظم کی فکر کی نفی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کے فلسفے پر عمل پیرا رہنے کے عہد کی تجدید کی اشد ضرورت ہے۔