تعطیلات کے بعد پہلا کاروباری روز، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی،سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی

کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 10 پیسے سستا ہوگیا، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 487 پوائنٹس تیزی کے بعد 30954 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا

muhammad ali محمد علی بدھ 11 ستمبر 2019 19:20

تعطیلات کے بعد پہلا کاروباری روز، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی،سٹاک مارکیٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) تعطیلات کے بعد پہلا کاروباری روز، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی،سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 10 پیسے سستا ہوگیا، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 487 پوائنٹس تیزی کے بعد 30954 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 4 روز کی کاروباری تعطیلات کے بعد بدھ کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ سے ملکی معیشت کیلئے مثبت خبریں ملیں۔

رواں ہفتے کے پہلے دو روز پیر اور منگل کو سرکاری تعطیل کی وجہ سے مارکیٹیں بند رہیں جبکہ ہفتے اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات تھیں۔ بدھ کے روز امریکی کرنسی کی قدر میں کمی ہونے اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے مزید گر گئی۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز اوپن مارکیٹ میں روپیہ ایک مرتبہ امریکی کرنسی پر حاوی رہا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے کی مزیدتنزلی کے بعد 156.50 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں بھی رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز ڈالر میں 8 پیسے کی کمی دیکھی گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 156.30 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر بہتری دیکھنے میں ریکارڈ کی گئی، مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں زبردست 487 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں کاروباری روز کے دوران 1.58 فیصد تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس 487 پوائنٹس تیزی کے بعد 30954 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔