Live Updates

وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم سے روس کی ٹیکنالوجی فرم کے وفد کی ملاقات، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت میں جدید ترین نینوٹیوبز ٹیکنالوجی کے ساتھ سرمایہ کاری کی پیشکش

الیکٹرک وہیکل پالیسی تیاری کے مرحلے میں ہے، اگلے دو ہفتوں میں اس کی منظوری دیدی جائے گی، حکومت پاکستان کو الیکٹرک وہیکلز اور اس سے منسلک ٹیکنالوجیز کا مرکز بنانا چاہتی ہے، ملک امین اسلم

بدھ 11 ستمبر 2019 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) روس کی ٹیکنالوجی فرم نے پاکستان کی بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت میں جدید ترین نینوٹیوبز ٹیکنالوجی کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کر دی۔ اس حوالے سے روسی کمپنی کے وفد نے ایگور کم کی سربراہی میں وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے سمیت ماحولیات کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت 5 بڑے اقدامات اٹھائے ہیں جن میں 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ، پلاسٹک بیگز پر پابندی، کلین گرین پروگرام ، الیکٹرک وہیکل پالیسی اور گرین کلائمیٹ فنڈ کا قیام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

روسی وفد کے سربراہ نے موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اقدامات کو سراہا اور کہا کہ نینوٹیوبز ٹیکنالوجی ، الیکٹرک بیٹریوں، تعمیراتی مواد، ایل ای ڈی سکرین، سولر پینلز ، پلاسٹک ٹائرز، کنڈکٹرز اور کپڑوں کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے جس کے پیداواریت میں اضافے سمیت کئی مقاصد ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی تیاری کے مرحلے میں ہے اور اگلے دو ہفتوں میں اس کی منظوری دیدی جائے گی جس سے تحقیق و ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو الیکٹرک وہیکلز اور اس سے منسلک ٹیکنالوجیز کا مرکز بنانا چاہتی ہے۔ مجوزہ پالیسی میں اس حوالے سے ٹیرف میں مراعات پیش کرے گی جس سے الیکٹرک وہیکلز کی قیمتیں روایتی گاڑیوں کے مطابق ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات