اوکاڑہ۔یوم عاشورہ مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا

بدھ 11 ستمبر 2019 23:07

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) اوکاڑہ یوم عاشورہ نہایت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا، درجنوں ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے،مسجدوں میں حضرت امام حسین ؓ کی شہادت کے فلسفہ پر روشنی ڈالی گئی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق یوم عاشورہ کے موقع پرمختلف مقامات سے درجنوں ذوالجناح اورعلم کے جلوس نکالے گئے جواپنے مخصوض راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی امام بارگاہ ایوان حسین سے نکالے گئے مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے مرکزی جلوس میں ہزاروں عزادار اورعقیدت مند شامل تھے جلوس کے راستے میں پینے کے صاف پانی ،دودھ اور شربت کی سبلیں لگائی گئیں مخیر حضرات شہر بھر میں جگہ جگہ لنگر تقسیم کرتے رہے مرکزی جلوس کے ہمراہ ڈی پی او اوکاڑہ جہانزیب نذیر کئی گھنٹے پیدل چل کر امن وامان کی فضاکو برقرار رکھنے کے لئے نگرانی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

مرکزی جلوس میں800سے زائد پولیس افسران اوراہلکاراپنے فرائض کی ادائیگی کرتے رہے۔پولیس کے ساتھ ساتھ بلدیہ اورکاڑہ محلہ ہیلتھ،واپڈا ،ریسکیو1122ودیگرادارے اپنی اپنی ذمہ داریاں اداکرتے نظر آئے۔جلوس کے راستے میں مختلف مقامات پر طبی کیمپ بھی لگائے گئے، ہسپتالوں میں ہائی الرٹ رکھا گیا اور اضافی ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر مامورکیاگیا۔مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستے سے ہوتا ہوا رات نو بجے ایف بلاک میں واقع ایوان حسین ؓ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

بعدازاں شام غریباں منعقد ہوئی۔شہر بھر کی مساجد میں خطیبوں نے شہادت حسین کے فلسفہ پر روشنی ڈالی اورکربلا میں ہونے والے اس عظیم واقعہ کی یاد تازہ کی گئی یوم عاشور کے موقع عوام کی کثیر تعداد نے قبرستانوں کارخ کیا اوراپنے پیاروں کی قبر وں کی صفائی ،مٹی وغیرہ ڈال کر ان کی مغفرت کے لئے خداوندکریم کے حضور دعائیں مانگی۔