Live Updates

پاک فوج میں تبادلے و تقرریاں:جنرل وسیم اشرف کمانڈر سدرن کمانڈ اور جنرل اظہر عباس کورکمانڈرروالپنڈی مقرر

جنرل خالد ضیاءآئی جی آرمز‘جنرل چراغ حیدر ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز اور جنرل بلال اکبر چیئرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹریز تعینات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 12 ستمبر 2019 14:52

پاک فوج میں تبادلے و تقرریاں:جنرل وسیم اشرف کمانڈر سدرن کمانڈ اور جنرل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 ستمبر۔2019ء) پاک فوج میں تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں جن میں لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ ، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کور کمانڈر راولپنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاءکو آئی جی آرمز تعینات کیا گیا ہے. پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر کو ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیئرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹریز تعینات کیا گیا ہے‘پاک فوج کے 4 جنرل افسران کو گزشتہ روز میجر جنرل سے ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا تھا .

(جاری ہے)

ترقی پانے والے افسران میں میجر جنرل محمد عامر، میجر جنرل محمد چراغ حیدر، میجر جنرل ندیم احمد انجم اور میجر جنرل خالد ضیا شامل ہیں. یاد رہے کہ 12 اپریل کو پاک فوج کے افسران کی ترقیاں ہوئی تھیں جن میں میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا، میجر جنرل نعمان محمود، میجر جنرل اظہر عباس اور میجر جنرل فیض حمید شامل تھے‘بعد ازاں 16 جون کو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل تعینات کردیا گیا تھا .

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رواں سال 3 اپریل کو آرمی میڈیکل کور کے 11 بریگیڈیئرز سمیت 40 بریگیڈیئرز کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی‘پاک فوج کے 6 جنرل افسران کو ستمبر 2018 میں میجر جنرل کے عہدے سے لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی . جن افسران کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی ان میں میجر جنرل شاہین مظہر، میجر جنرل ندیم ذکی، میجر جنرل عبدالعزیز، میجر جنرل عاصم منیر، میجر جنرل عدنان اور میجر جنرل وسیم اشرف شامل تھے .

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 19 اگست کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں 3 سال دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا‘وزیراعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا فیصلہ علاقائی سیکورٹی کی صورت حال کے تناظر میں کیا گیا . پاکستان کی سول حکومت کی تاریخ میں دوسری مرتبہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے‘ان سے قبل سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی تھی اور اس وقت ملک میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی .
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات