خاتون اتنے زور سے ہنسی کہ اُن کا کھلا منہ بند ہی نہ ہوسکا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 12 ستمبر 2019 23:51

خاتون اتنے زور سے ہنسی کہ  اُن کا کھلا منہ بند ہی نہ ہوسکا

چین سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اتنے زور سے منہ کھول  کر ہنسی  کہ  اُنکے  جبڑے اپنی جگہ سے ہٹ گئے اور اُن کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔
یہ انوکھا واقعہ 1 ستمبر کو پیش آیا۔ یہ خاتون  تیز رفتار ریل میں گوانگژو ساؤتھ ریلوے سٹیشن  کی طرف آ رہی تھیں کہ ہنسنے کی وجہ سے ان کے جبڑے ہل گئے۔اسی ریل میں  ڈاکٹر لیو وینشینگ   بھی سفر کر رہے تھے۔ لیوان ہاسپیٹل، گوانگژو میڈیکل یونیورسٹی کے  ڈاکٹر لیو نے ریل کے  براڈ کاسٹ سپیکروں پر  ہنگامی مدد کی اپیل  سنی تو  وہ مدد کے لیے بھاگے۔

  جب وہ موقع پر پہنچے تو انہوں نے ایک خاتون مسافر کو دیکھا، جن کا منہ کھلا ہوا تھا اور منہ سے بہت زیادہ رال بہہ رہی تھی۔ لگتا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے لیکن  انکا بلڈ پریشر نارمل تھا۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود مسافروں سے پتا چلا کہ  خاتون بہت زور سے ہنسی تھی، جس کے بعد اُن کا منہ بند نہ ہوسکا۔
بدقسمتی سے لیو طب کے اس شعبے میں ماہر نہیں تھے۔

انہوں نے خاتون کو بتایا کہ وہ اُن کا جبڑا  درست کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اس میں کافی  خطرہ ہو سکتا ہے۔ خاتون نے  خواہش ظاہر کی کہ لیو اُن کا جبڑا ٹھیک کریں۔
لیو نے بتایا کہ خاتون کےعضلات  اور چہرہ پریشان کن حالت میں تھے، اس لیے پہلی کوشش میں وہ جبڑا درست نہ کر سکے۔ لیو نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ ہسپتال چلی جائے لیکن ریل کےعملے نے بتایا کہ ہسپتال تک پہنچنے میں انہیں مزید ایک گھنٹہ لگے گا۔

اس پر خاتون نے ڈاکٹر لیو سے مزید کوشش کرنے کا کہا۔ تاہم اس کوشش میں ڈاکٹر لیو کامیاب ہوگئے، جس کے بعد خاتون اپنا منہ بند کرنے کے قابل ہو گئیں۔خاتون نے ڈاکٹر لیو کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ایک بار پہلے بھی اُن کے جبڑے  دوران حمل  قے کرنے کی وجہ سے  اپنی جگہ سے ہٹ گئے تھے۔
بظاہر ایسا لگتا ہے کہ جس کے جبڑے ایک بار اپنی جگہ چھوڑ دیں تو ایسا پھر دوبارہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہی اس چینی خاتون کے ساتھ ہوا۔ اُن کےجبڑے ایک بار اپنی جگہ چھوڑ چکے تھے ، اس لیے دوبارہ ہنسنے پر  پھر اُن کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔

خاتون اتنے زور سے ہنسی کہ  اُن کا کھلا منہ بند ہی نہ ہوسکا

متعلقہ عنوان :