بھارت میں 20 سال تک نیہا بن کر رہنے والا بنگلہ دیشی شہری عبدالکلام گرفتار

ملزم نے بھارتی شہری کے طور پر تمام قانونی دستاویزات بھی حاصل کرلیں جن میں راشن کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ بھی شامل ہے، پولیس نے عبدالکلام کو ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا؛ بھارتی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 12:40

بھارت میں 20 سال تک نیہا بن کر رہنے والا بنگلہ دیشی شہری عبدالکلام گرفتار
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) بھارت میں کئی سال تک نیہا بن کر رہنے والے بنگلہ دیشی شہری عبدالکلام کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عبدالکلام 10 سال کی عمر میں بنگلہ دیش سے بھارت آیا تھا اور تقریبا 20 سال وہ ممبئی میں رہا جس کے بعد وہ بھوپال منتقل ہوگیا جہاں اس نے اپنی شناخت ایک ٹرانسجینڈر خاتون کے طور پر رجسٹر کروالی اور نیہا کے نام سے رہائش اختیار کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی شہری نے مقامی خواجہ سرا کمیونٹی میں بھی شمولیٹ اختیار کی ہوئی تھی، اس دوران عبدالکلام نے بھارتی شہری کے طور پر تمام قانونی دستاویزات بھی حاصل کرلیں جن میں راشن کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ بھی شامل ہے، عبدالکلام نے بھارتی پاسپورٹ کے ذریعے بنگلہ دیش کے کئی چکر بھی لگائے، اس دوران کبھی بھی اس پر شک نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بھارتی پولیس کی جانب سے عبدالکلام کو ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، بنگلہ دیشی شہری مہاراشٹرا میں بھی خواجہ سرا برادری کے ساتھ منسلک رہا جس سے پولیس کو شبہ ہے کہ یہ صرف انفرادی کیس نہیں بلکہ اس میں ایک منظم گروہ ملوث ہے، پولیس نے دو مقامی نوجوانوں کو بھی حراست میں لیا جنہوں نے عبد الکلام کو جعلی دستاویزات بنانے میں مدد دی، ان کے خلاف بھارت میں غیر قانونی داخلہ، جعلسازی اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش جاری ہے، پولیس موبائل فون ڈیٹا، چیٹ میسجز اور کال ریکارڈنگز کی مدد سے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے بھی تحقیقات تیز کردی ہیں۔