پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ کا آئی کیو اسٹیفن ہاکنگ سے بھی زائد قرار

18 سالہ ماہ نور چیمہ کا آئی کیو 161 ہے جو کہ مشہور تھیوریٹیکل فزیکسٹ سے ایک پوائنٹ زیادہ ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 11:41

پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ کا آئی کیو اسٹیفن ہاکنگ سے ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ کےآئی کیو لیول کو اسٹیفن ہاکنگ سے بھی زائد قرار دے دیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 18 سالہ ماہ نور چیمہ کا آئی کیو 161 ہے جو کہ مشہور تھیوریٹیکل فزیکسٹ اسٹیفن ہاکنگ سے ایک پوائنٹ زیادہ ہے، اس حوالے سے ماہ نور نے کہا کہ اسٹیفن ہاکنگ سے زائد آئی کیو کی خوشی ہے لیکن وہ سائنسدان تھے اور میں ابھی طالبہ ہوں، میں ایک وقت میں ایک ہی مضمون پر پوری توجہ دیتی ہوں، وزیراعظم شہبازشریف نے بھی حوصلہ افزائی کی جو بڑا اعزاز ہے، دنیا بھر سے لوگ مبارکباد کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ماہ نور چیمہ نے جی سی ایس ای اور او لیول کے بعد اے لیول میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرکے سب کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے کیوں کہ انہوں نے اے لیول کے امتحان 24 اے گریڈز کے ساتھ پاس کرکے کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ کو شاندار کامیابی کے سبب آکسفورڈ یونیورسٹی کے مشہور ایگزیٹر کالج میں داخلہ مل چکا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ جب ماہ نور چیمہ نے اپنی تعلیمی قابلیت کا لوہا منوایا ہے بلکہ اس سے قبل 16 سال کی عُمر میں بھی ماہ نور چیمہ نے ایک منفرد تعلیمی اعزاز حاصل کیا تھا کہ جب انہوں نے جنرل سرٹیفیکٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے 34 مضامین میں 99 فیصد ’اے سٹارز‘ حاصل کیے تھے جہاں طالب علم کل نمبروں کو بڑھانے کے لیے بورڈز کے امتحان میں مضامین کو دہرایا کرتے تھے وہیں ماہ نور چیمہ نے مجموعی طور پر 19 اے اسٹار اور اے گریڈز حاصل کیے، ان کا یہ نتیجہ اعلیٰ تعلیمی کامیابی کی ایک شاندار مثال ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ماہ نور چیمہ نے دوسرا نیا عالمی ریکارڈ اے لیول کے امتحان میں سب سے زیادہ اے اسٹار اور اے گریڈز لے کر بنایا، ماہ نور چیمہ کا تیسرا عالمی ریکارڈ سی ایس ای، او لیول اور اے لیول میں سب سے زیادہ اے گریڈز حاصل کرنے کے حوالے سے ہے، پاکستانی نژاد طالبہ کا چوتھا عالمی ریکارڈ یہ ہے کہ انہوں نے 24 اے لیول اور 34 جی سی ایس ای کے امتحان میں 58 مضامین کا انتخاب کیا۔