دبئی میں اربوں روپے مالیت کے انتہائی نایاب گلابی ہیرے کی چوری ناکام

ڈکیتی کی کوشش تین افراد پر مشتمل ایک گروہ کی جانب سے کی گئی جو تمام ایشیائی شہری تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 14:59

دبئی میں اربوں روپے مالیت کے انتہائی نایاب گلابی ہیرے کی چوری ناکام
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) دبئی پولیس نے اربوں روپے مالیت کے نایاب گلابی ہیرے کی چوری ناکام بناتے ہوئے صرف 8 گھنٹوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے 25 ملین ڈالر (91.8 ملین درہم اور تقریباً 7 ارب پاکستانی روپے سے زائد) مالیت کے انتہائی نایاب گلابی ہیرے کی چوری کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا، ڈکیتی کی کوشش تین افراد پر مشتمل ایک گروہ کی جانب سے کی گئی جو تمام ایشیائی شہری تھے، جن گو گرفتار کرنے کیلئے حکام نے تیزی سے کارروائی کی اور جرم کی اطلاع ملنے کے صرف آٹھ گھنٹوں کے اندر ملزمان کا سراغ لگاتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ گلابی ہیرے کا وزن 21 قیراط ہے، اسے دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جس کو چرانے کیلئے گروہ نے مبینہ طور پر اس وقت منصوبہ بنایا جب انہیں یہ پتا چلا کہ ہیرا حال ہی میں ایک مقامی تاجر کے پاس دبئی پہنچا ہے، جعلی شناختوں کا استعمال کرتے ہوئے مشتبہ افراد نے تاجر سے رابطہ کیا اور ایک "مالدار خریدار" کے لیے خود کو ثالث ظاہر کیا، ساکھ بنانے کے لیے انہوں نے لگژری گاڑیاں کرائے پر لیں اور یہاں تک کہ اپنے ساتھ ایک نام نہاد "ماہر جوہری" بھی لے آئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کی حکمت عملی نے تاجر کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ ہیرے کو اس کے محفوظ مقام سے ہٹا کر اسے دیکھنے کے لیے ایک نجی ولا میں لے آئے، اس ولا میں ہی گینگ نے موقع سے فائدہ اٹھا کر یہ نایاب ہیرا چوری کیا، تاہم دبئی پولیس نے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ کرمنالوجی کی سربراہی میں مشتبہ افراد کی تیزی سے شناخت معلوم کی اور ان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے اور چوری شدہ ہیرہ برآمد کرلیا جو ایک چھوٹے سے ریفریجریٹر کے اندر چھپا کر رکھا گیا تھا جہاں سے اس گینگ نے اسے کسی نامعلوم ایشیائی ملک سمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔