پولیس میں اصلاحات کے بغیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،ماہر قانون پیر صدام حسین

جمعہ 13 ستمبر 2019 16:24

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) ممتاز ماہر قانون پیر صدام حسین زکوڑی ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کے بغیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،تھانہ کلچر کی تبدیلی پولیس پر توجہ دیئے بغیر کس طرح ممکن ہے ۔بہتر یہ ہے کہ دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کی طرح پولیس کو ہفتہ وار چھٹی کے ساتھ ان کے ڈیوٹی ٹائم کا بھی تعین کیا جائے ،ناکوں پر مامور پولیس افسران واہلکاروں کو موسمی شدت سے بچائو کے لئے انتظامات کیے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو بہتر ٹریننگ اور جدید اسلحہ مہیا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ویلفیئر فنڈ کے نام پر پولیس افسران وملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جاتی ہے جو کہ کانسٹیبل کی تنخواہ سے پانچ سو روپے ،حوالدار کی تنخواہ سے سات سوروپے اسطرح تمام افسران کی تنخواہوں سے عہدہ کے مطابق ماہوار کٹوتی کی جاتی ہے جو کہ ملازمین کے ساتھ سخت ناانصافی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیس ویلفیئر کے لئے انتظامات موجود ہیں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان میں ملازمین کے لئے بنائے گئے کوارٹرز اور بیرکس خستہ حالی کا شکار ہوچکی ہیں جہاں ویلفیئر فنڈز کا استعمال ہونا چاہیے وہاں ایک پائی بھی نہیں لگائی جاتی جس کی وجہ سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو چاہیے کہ ملازمین کی تنخواہوں سے ویلفیئر فنڈز کی کٹوتی کی بجائے ویلفیئر کے لئے قائم کیے گئے منصوبوں سے منافع حاصل کرکے ملازمین کی فلاح وبہبود پر خرچ کیے جائیں تاکہ ملازمین بہتر انداز میں قوم کی خدمت کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :