سیالکوٹ:سمبڑیال میں اے ایس ایف کا اہلکار اور والدین کا اکلوتا بیٹا ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

اے ایس ایف کے چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل اشفاق کی اہلکاروں کے ہمراہ جنازہ میں شرکت

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 ستمبر 2019 15:27

سیالکوٹ:سمبڑیال میں اے ایس ایف کا اہلکار اور والدین کا اکلوتا بیٹا ..
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14ستمبر 2019ء،نمائندہ خصوصی،رحمان یوسف) سمبڑیال میں اے ایس ایف کا اہلکار اور والدین کا اکلوتا بیٹا ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال کے موضع ڈھلم بلگن کے رہائشی فیض الرسول اعوان کا جواں سالہ اکلوتا بیٹا احسان اعوان جو کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار ہو کے گھر واپس جا رہا تھا کہ سمبڑیال مین روڈ پر سبزی منڈی کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ریڑھے سے جا ٹکرایا ۔

(جاری ہے)

جسے زخمی حالت کے پیش نظر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔مرحوم سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اے ایس ایف میں ملازمت کرتا تھا اور انتہائی نیک سیرت، ملنسار،انتہائی خوبصورت اخلاق کا مالک تھا۔احسان کی نعش ہسپتال سے ضروری کارروائی کے بعد گھر پہنچنے پر پورے علاقہ میں کہرام مچ گیا اور فضاء سوگوار ہوگئی۔مرحوم کے جنازہ میں اے ایس ایف کے چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل اشفاق اور اے ایس ایف کے درجنوں اہلکاروں کے علاوہ علاقہ بھر کی سماجی و سیاسی شخصیات اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازہ کے بعد مرحوم کی اسکے آبائی گاوٴں ڈھلم بلگن کے قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔