حکومت سندھ نے وفاقی وزیرقانون ڈاکٹرفروغ نسیم کی شمولیت پر کراچی سے متعلق قائم کی جانے والی ہر کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

وزیراعظم کراچی میں کام کروانا چاہتے ہوں لیکن جن لوگوں کو خان صاحب نے ذمہ دیا انہوں نے فتنہ پیدا کیا، ناصر حسین شاہ

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) حکومت سندھ نے کراچی سے متعلق قائم کی جانے والی ہراس کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں وفاقی وزیرقانون ڈاکٹرفروغ نسیم شامل ہونگے۔اس بات کا اعلان صوبائی وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔جناح اسپتال قومی ادارہ امراض قلب کی طرف جانے والی سڑکوں کی تباہ حالی کا جائزہ لینے کے موقع پرناصرحسین شاہ نے کہا کہ کراچی سے متعلق جس کمیٹی میں فروغ نسیم ہوں گے سندھ حکومت اس سے بات نہیں کرے گی،ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کراچی میں کام کروانا چاہتے ہوں لیکن جن لوگوں کو خان صاحب نے ذمہ دیا انہوں نے فتنہ پیدا کیا۔سندھ کے وزیربلدیات نے کہاکہ کراچی میں بارش سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔سڑکوں کی مرمت کا آغاز جناح اسپتال کے سامنے سڑک کی مرمت سے کیا جا رہا ہے، یہ علاقہ کنٹونمنٹ کی حدود میں آتا ہے، لیکن پھر بھی صوبائی حکومت یہ سڑک ٹھیک کرے گی۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا کیپیٹل ہے، ہم اس کو ہی برقرار رکھنا چاہیں گے،پیرپگارا صاحب کے آرٹیکل 149 سے متعلق بیان کو سراہتا ہوں۔