قومی یکجہتی اور اتحاد ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے، سراج الحق

قومی یکجہتی قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مظفر آباد کے جلسے میں ساری جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی تو ساری سیاسی قیادت ایک صف میں نظر آتی، خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 16:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور اتحاد ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے۔قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قومی یکجہتی قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مظفر آباد کے جلسے میں ساری جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی تو ساری سیاسی قیادت ایک صف میں نظر آتی مگر افسوس کہ وزیراعظم نے ابھی تک اپنی ذمہ داری کو محسوس نہیں کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ جب بات کشمیر کی ہو تو ساری سیاست ایک طرف رہ جاتی ہے، صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے خطاب کے موقع پر قوم کو سیسہ پلائی دیوار کی طرح نظر آنا اور کشمیریوں کو واضح پیغام جانا چاہیے تھا مگر صدر کے خطاب میں حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ایسا نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ 13 ماہ سے ملک کے معاشی حالات ابتری کا شکار ہیں، آئی ایم ایف اور ولڈ بینک نے کہہ دیا ہے کہ اگلے سال اور مشکل ہوں گے، حکومت ضد چھوڑ کر ملک کی معیشت کو بہتر کرے۔انہوںنے کہاکہ رونا دھونا مسائل کاحل نہیں ہمیں مل کر بیٹھنا اور مسائل کو حل کرنا ہو گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعلی، بلوچستان کوئٹہ کو 20 سال کے لیے ٹیکس فری قرار دیں تو کراچی کے سارے تاجر اپنے سرمائے سمیت کوئٹہ آ جائیں گے