کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کر کے دکھائے، وزیراعلیٰ سندھ

چیئر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان بھی دیا ہے جس کے بعد تقسیم کی باتیں کرنے والے معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں

اتوار 15 ستمبر 2019 19:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کر کے دکھائے جبکہ اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے اور چیئر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان بھی دیا ہے جس کے بعد تقسیم کی باتیں کرنے والے معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں۔

وہ اتوار کو جھانگارا باجارا کے نزدیک نیئنگ شریف میں رکن صوبائی اسمبلی سید غلام شاہ جیلانی کے سوئم میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ میں نے چند ماہ قبل اسمبلی کے فلور پر سندھ کی تقسیم کا سوچنے والوں کے عزائم بے نقاب کر دیے تھے۔ میر پورخاص واقعہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا انہیں اس واقعہ کا افسوس ہے اور اس واقعہ میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے مرحوم رکن سندھ اسمبلی غلام شاہ جیلانی سے متعلق باتیں کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پی پی پی کے وفادار کارکن رہے اور ان کی پارٹی کے ساتھ وفاداری مثالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1990سے لیکر 2018تک مرحوم سید غلام شاہ جیلانی مسلسل صوبائی اسمبلی کے میمبر منتخب ہوتے رہے اور انکے انتقال سے سندھ اور بلوچستان کی سیاست میں خلاپیدا ہو گیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مرحوم کے بیٹے اس خلاکو پر کرنے کی کوشش کرینگے اور انکے مریدین اور انکے سیاسی سفر کو جاری رکھنے کیلئے جان نشیں کے طور پر آگے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ مرحوم کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد پاس کروائی جائیگی۔