Live Updates

لوگ نکالے جا رہے ہیں آگے بھی ویسا ہی ہوتا رہے گا

میں یہ غلطی تسلیم کرتا ہوں کہ تحریک انصاف اپنے کیے ہوئے اچھے کام عوام تک ٹھیک طریقے سے نہیں پہنچا پا رہی، اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اب حکومت میں ہیں۔ شبلی فراز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 13:10

لوگ نکالے جا رہے ہیں آگے بھی ویسا ہی ہوتا رہے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے مزید لوگوں کو نکالنے کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ پنجاب حکومت سے دو لوگ جا چکے ہیں۔ کچھ چیزیں سامنے نظر آتی ہیں جب کہ کچھ پسے پردہ ہوتی ہیں، شہباز گل اپنا کام اچھے طریقے سے کر رہے تھے لیکن چیف ایگزیکٹو کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنی مرضی کی ٹیم لا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی لوگ نکالے جا رہے ہیں، آگے بھی ایسا ہی ہوتا رہے گا۔ میں یہ غلطی تسلیم کرتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے کیے ہوئے اچھے کام عوام تک ٹھیک طریقے سے نہیں پہنچا پا رہی، اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اب حکومت میں ہیں۔

(جاری ہے)

حزب اختلاف میں رہتے ہوئے یہ تمام چیزیں اچھے طریقے سے کی جا سکتی ہیں لیکن حکومت میں آنے کے بعد اور بہت سے مسائل کو بھی دیکھنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا اور 14 نشستیں دیں، وہاں کے مسائل کا بڑا ذمہ دار ماضی ہے، اگر وقت پر پالیسیاں بنا کر مسائل کے حل کی طرف توجہ دی جاتی تو آج حالات بہت مختلف ہوتے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کے چند اداروں میں بہت زیادہ بدعنوانی پائی جاتی ہے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ان میں سے ایک ہے لہٰذا اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

ہمارا ملک 70 سالوں سے ایک خاص سمت میں چل رہا تھا، اب ایک دم سے اس میں تبدیلی لانا انتہائی مشکل کام ہے۔ پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی رہنمائی بھی کرتے رہتے ہیں۔ کوئی حکومت یہ نہیں چاہے گی کہ اتنی اہم کرسی پر کسی ایسے شخص کو بٹھایا جائے جو اپنے فرائض ٹھیک طرح نہ سنبھال سکتا ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات