وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر ایک بین الصوبائی و بین الاعلاقائی فورم تشکیل دیدیا گیا‘ فورم کا مقصد ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور آئی ٹی کو فروغ دینا ہے

پیر 16 ستمبر 2019 23:04

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر ایک بین الصوبائی و بین الاعلاقائی فورم کی تشکیل دی گئی ہے جس کا مقصد ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور آئی ٹی کو فروغ دینا ہے۔ اس حوالے سے پیر کو وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی آئی ٹی سیکرٹریز کے علاوہ سیکرٹری آئی ٹی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئی ٹی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئی ٹی کے متعلق معاملات زیر غور آئے اور ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور آئی ٹی کے فروغ کے لیئے وفاق اور صوبوں کے مابین تعاون پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن کو حاصل کرنے کے لیئے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون اور اشتراک بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں پاکستان کے تمام حصوں میں آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کی رفتار تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ ملک میں نوجوانوں کے لئے ملازمت کے ذرائع میسر آئیں۔ اجلاس کو وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے یونیورسل سروس فنڈ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور اگنائیٹ کے پراجیکٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران اور وزارت کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔