مئیر اسلام آباد نے وفاقی حکومت کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا

مئیر اسلام آباد کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ احمد نواز نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 ستمبر 2019 11:19

مئیر اسلام آباد نے وفاقی حکومت کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2019ء) : مئیر اسلام آباد نے وفاقی حکومت کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار کے بلدیاتی ادارے کو اختیارات نہ ملنے کا معاملے پر مئیر اسلام آباد شیخ انصر نے وفاقی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مئیر اسلام آباد شیخ انصر کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ احمد نواز نے درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 2017ء میں وزارت داخلہ نے باضابطہ اختیارات دینا تھے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ ایم سی آئی کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء کے مطابق اب تک اختیارات نہیں دیے گئے۔ جو ادارے ضلعی انتظامیہ اور کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کو منتقل ہوئے اس میں مداخلت کی جارہی ہے۔ درخواست گزار نے درخواست میں مؤقف دیا کہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی امور میں مداخلت کو روکا جائے، عدالت سے درخواست ہے کہ ایم سی آئی کو مکمل اختیارات اور انتظامی کنٹرول فراہم کیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ادارے میں ملازمین کے تبادلوں، تقرریوں اور فنڈز کا مکمل اختیار دیا جائے۔