سعودی عرب میں کھُلے آسمان تلے کام کرنے والے مزدوروں کے لیے بڑی رعایت ختم

15 جولائی سے 15 ستمبر تک ان مزدوروں سے 12 بجے دوپہر سے 3 بجے سہ پہر تک مزدوری کروانے پر پابندی عائد کی گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 ستمبر 2019 13:06

سعودی عرب میں کھُلے آسمان تلے کام کرنے والے مزدوروں کے لیے بڑی رعایت ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17ستمبر 2019ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ جبکہ گرمی کے دِنوں میں تو یہاں کی دھرتی آتش فشاں کی طرح سے کھولنے لگتی ہے۔ سعودی عرب میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ہر شعبے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں جس سے یہاں کے مقامی باشندے اور غیر مْلکی ملازمین کی فلاح و بہبود میں خاصی ترقی دیکھنے کو مِلی ہے۔

اسی وجہ سے اب سے دو ماہ پہلے سعودی عرب کی وزارت محنت و سماجی بہبودنے اعلان کیا تھا کہ 15جُولائی 2019ء سے لے کر 15 ستمبر 2019ء تک دو مہینوں پر محیط مدت کے دوران کسی بھی ملازم سے دوپہر بارہ بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک کھلے آسمان تلے مزدوری نہیں کروائی جائے گی کیونکہ ان مہینوں میں شدت کی گرمی پڑتی ہے جس سے ملازمین کی صحت اور زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت محنت کا کہنا تھا کہ اس پابندی کامقصد کارکنوں کی جسمانی صحت کی حفاظت اور انہیں لو لگنے سے بچانا ہے۔ اس فیصلے کو لاکھوں ایسے ملازمین نے بہت خوشی کی نظر سے دیکھا تھا جو تعمیراتی شعبے سے منسلک ہونے کے سبب تپتی سڑتی دوپہروں میں کھُلے آسمان تلے کام کرنے پر مجبور تھے۔ تاہم اب گرمی کی شدت میں کمی آنے کے بعد سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے اتوار 16ستمبر سے دھوپ میں ممنوعہ اوقات کے دوران کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ۔

واضح رہے کہ یہ پابندی ہر سال عائد کی جاتی ہے۔ اور اس پر وزارت محنت کی جانب سے سختی سے عمل درآمد کرایا جاتا ہے۔ وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کنٹریکٹرز پر جرمانے بھی عائدکیے جاتے ہیں۔یہ حکم کابینہ کی طرف سے وزارت کو جاری کیا گیا تھا جس کی تکمیل کی خاطر تمام سرکاری اور نجی شعبوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

۔یہ حکم پْورے مْلک میں لاگو تھا۔ جن خطوں میں درجہ حرارت قابلِ برداشت ہے‘ وہاں پر بھی اس پر عمل درآمد کروایا جا تا ہے۔ اگر کسی کمپنی یا آجر کی جانب سے اس حکم نامے کے خلاف ورزی کی جاتی ہے تو اس کی شکایت وزارت کے کسٹمر سروسز لائن 19911 پر کی جا سکتی ہے یا پھر وزارت کی ویب سائٹ (https://rasd.ma3an.gov.sa) پر بھی شکایت کا اندراج ہو سکتا ہے۔