سندھ رکن اسمبلی نندر کمار نے نمرتا کی موت کو قتل قرار دے دیا

نمرتا کو قتل کیا گیا ہے، عدالتی انکوائری کی جائے: نندر کمار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 17 ستمبر 2019 20:01

سندھ رکن اسمبلی نندر کمار نے نمرتا کی موت کو قتل قرار دے دیا
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 ستمبر2019ء) سندھ رکن اسمبلی نندر کمار نے نمرتا کی موت کو قتل قرار دے دیا ہے۔ نندر کمار نے کہا ہے کہ نمرتا کو قتل کیا گیا ہے، عدالتی انکوائری کی جائے۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن کے رہنما حلیم عادل شیخ نے بھی کہا ہے کہ طالبہ نمرتا کا واقعہ خود کشی نہیں لگتا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر نثار کھوڑو نے اپوزیشن کے مطالبے پر کہا کہ نمرتا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، اگر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل ثابت ہوا تو کسی سے رعایت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب نمرتا کے بھائی ڈاکٹر وشال نے کہا کہ میں خود ایک ڈاکٹر ہوں اور میں نے بھی لاش کا معائنہ کیا ہے ۔ میرے معائنے کے مطابق نمرتا کے گلے پر جس طرح کے نشان پائے گئے ہیں وہ خود کشی کے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اس کی کلائیوں پر بھی زبردستی پکڑے جانے کے نشانات موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جس لڑکی نے سب سے پہلے نمرتا کی لاش دیکھی اس کے مطابق اس کے گلے میں دوپٹہ تھا جبکہ گلے پر جو نشان ہے وہ تار کا ہے۔

ڈاکٹر وشال کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کمرے کی حالت دیکھی تھی، پنکھے پر کوئی نشان نہیں تھا اور نا ہی پنکھا ٹیڑھا تھا، پنکھے کا بیلنس ٹوٹنا چاہئے تھا، پنکھے پر لگی مٹی اترنا چاہیے تھی، پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرنے والے کی لاش لٹکنی چاہیے لیکن لاش بستر پر پڑی تھی۔ نمرتا کور کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے سرجن نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ طالبہ کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان موجود نہیں ہیں تاہم نمرتا کے گلے میں کوئی چیز باندھنے کے نشان ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ چند دن میں آئے گی۔ طالبہ کے خون اور جسم کے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ خیال رہے کہ لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے 22 سالہ طالبہ کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نمرتا کی نعش کو کمرے کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا، نمرتا کے گلے میں دوپٹہ بندھا ہوا تھا۔ اس کا تعلق ضلع گھوٹکی سے تھا جبکہ متوفیہ کے والدین کراچی میں رہائش پذیر ہیں.