پولیس نے اسلام آباد سے اغوا ہونے والی 13سالہ لڑکی سوات سے ڈھونڈ نکالی

لڑکی اپنے دوست کے ساتھ گھر سے اپنی مرضی سے گئی تھی، پہلے دونوں مری کی سیر کو گئے اور پھر سوات گئے: پولیس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 17 ستمبر 2019 22:46

پولیس نے اسلام آباد سے اغوا ہونے والی 13سالہ لڑکی سوات سے ڈھونڈ نکالی
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء) پولیس نے اسلام آباد سے اغوا ہونے والی 13سالہ لڑکی سوات سے ڈھونڈ نکالی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی اپنے دوست کے ساتھ گھر سے اپنی مرضی سے گئی تھی، پہلے دونوں مری کی سیر کو گئے اور پھر سوات گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے 2 روز قبل اسلام آباد کے سیکٹر جی 8 سے لاپتا ہونے والی ساتویں جماعت کی طالبہ کو سوات سے پکڑ لیا ہے۔

پولیس کے مطابق 13 سالہ ساتویں جماعت کی طالبہ کمشکا خالد 2 روز قبل اسلام آباد کے سیکٹر جی 8 سے شام 7 بجے لاپتا ہوئی تھی ۔ جس کے بعد والدین لوگوں کے گھروں میں جا جا کر اسے تلاش کرتے رہے اور نہ ملنے پر انہوں نے رات ساڑھے 10 بجے کے قریب پولیس سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد لڑکی کی تلاش شروع کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا ہے کہ کمشکا خالد اپنے دوست کے ساتھ گھر سے گئی تھی، دونوں طلباء پہلے مری گئے جس کے بعد وہ سوات کی سیر کر رہے تھے اور اسی دوران انہیں پکڑا گیا۔

پولیس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بچی کی گمشدگی میں اغوا یا زبردستی کا کوئی عنصر شامل نہیں تھا بلکہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی اور جاتے ہوئے گھر والوں کے لیے نوٹ بھی چھوڑ کر گئی تھی جس میں اس نے لکھا تھا کہ وہ اپنیئ مرضی سے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے سینئر صحافی انصار عباسی نے بھی کمسن بچی کے اپنی مرضی سے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب مخلوط نظام تعلیم، مغربی ثقافت کا فروغ اور لڑکوں لڑکیوں کی دوستیوں کو بڑھاوا دیں گے اور میڈیا بھی بے شرمی اور بے حیائی کو پروموٹ کرے گا تو یہی کچھ دیکھنے اور سننے کو ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساتویں جماعت کی بچی اور ساتویں کلاس کے بچے کا مرضی کے ساتھ گھر سے بھاگنا ایک تشویشناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں اب میڈیا اس پر کیا بولے گا۔ دوسری جانب پولیس بچی کو لے کر اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔