مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا حل طلب حصہ ہے، آج نہتے کشمیری بھارتی افواج کے جدید اسلحہ کے سامنے سینہ سپر ہیں، میڈیا کا بلیک آئوٹ ہے،

چھوٹے چھوٹے بچوں کو پیلٹ گنوں سے بے دردی سے نابینا بنایا جارہا ہے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کشمیر کے حوالے سے قومی پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 22:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا پرانا اور حل طلب حصہ ہے، آج نہتے کشمیری بھارتی افواج کے جدید اسلحہ کے سامنے سینہ سپر ہیں، 45 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے، میڈیا کا بلیک آئوٹ ہے، چھوٹے چھوٹے بچوں کو پیلٹ گنوں سے بے دردی سے نابینا بنایا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں کنونشن سنٹر میں سینیٹ کے زیر اہتمام کشمیر کے حوالے سے قومی پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا پرانا اور حل طلب حصہ ہے، قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، اسلامی جنگیں ایک منصوبہ بندی (سٹریٹیجی) کے تحت لڑی اور جیتی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج نہتے کشمیری بھارتی افواج کے جدید اسلحہ کے سامنے سینہ سپر ہیں، 45 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے، میڈیا کا بلیک آئوٹ ہے، چھوٹے چھوٹے بچوں کو پیلٹ گنوں سے بے دردی سے نابینا بنایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر پارلیمانوں سے کشمیر یوں کیلئے آواز اٹھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے دنیا بھر میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے جو نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ عالمی میڈیا بھارتی مظالم اور خاص طور پر خواتین کی عصمت دری کی بھرپور رپوٹنگ کر رہا ہے، آج اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی اصلاح کی اشد ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی اصلاح کر کے گیپ اور خامیوں کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف قرار داد پاس کرنے سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں ہے اب عملی اقدام اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آرٹیکل 99 کے تحت سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کے سٹیٹس کا نوٹس لے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بھارتی کی عدلیہ بھی پریشر میں ہے اور ان کیلئے امتحان کا وقت ہے۔