ریلوے کالونی سبی میں پینے کے پانی کی شدیدقلت کے خلاف پریم یونین کااحتجاجی مظاہرہ

جمعرات 19 ستمبر 2019 20:52

سبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ریلوے کالونی سبی میں پینے کے پانی کی شدیدقلت کے خلاف پریم یونین کے کارکن اور ملازمین کا مرکزی نائب صدر میر نسیم گشکوری کی قیادت میں احتجاجی ریلی و مظاہرہ ،کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن سے اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجنیئرریلوے آفس تک پیدل مارچ کیا ،ریلوے آفیسروں کے خلاف شدید نعرے بازی ،پانی دو پانی دو کے نعروں سے فضا گونج اٹھا۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے کالونی سبی میںایک ماہ سے پینے کے پانی کی شدیدبحران کے خلاف پریم یونین سبی کے کارکنوں اور ریلوے ملازمین نے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر میر نسیم گشکوری کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی گول باغ ریلوے اسٹیشن سبی سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں ریلوے انتظامیہ کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے احتجاجی ریلی کے شرکاء نے پیدل مارچ کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجنیئرریلوے آفس کے سامنے پہنچ کر شدید احتجاج کیا اور ریلوے کالونی میں پانی کی شدید قلت کے خلاف دھرنا دیا اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ و دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر میر نسیم گشکوری ،محمد ایوب ہاڑہ ،حاجی علی نواز راہجہ اور ماما اللہ بخش مری و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کانونی میں گذشتہ ایک ماہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ریلوے حکام پانی کو ریلوے کالونی میں فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر فروخت کر رہے ہیں اور اس مہنگائی کے دور میں غریب ملازمین کو ٹینکر مافیا کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار بار شکایت کے باوجود پانی کے بحران پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اے ای این ریلوے سبی میں رہنے کے بجائے کوئٹہ کے مزے لوٹ رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جبکہ ریلوے کالونی سبی کے مکین اور ملازمین مسائل کے شکارہیںمقررین نے کہا کہ ریلوے حکام نے فوری طور پر ریلوے مکینوں کو پینے کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا تو احتجاج کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ریلوے حکام پر عائد ہوگی ۔