Live Updates

خیبر پختوخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لئے 10 ارب سے زائد لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ڈ* ساڑھے 8 ارب روپے قبائلی اضلاع کی مختلف سکیموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:20

*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) خیبر پختوخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لئے 10 ارب سے زائد لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جسمیں ساڑھے 8 ارب روپے قبائلی اضلاع کی مختلف سکیموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔یہ منظوری گزشتہ روز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں اجلاس میں دی گئی ہے۔ منظورشدہ سکیموں میں ساڑھے سات ارب روپے قبائلی اضلاع کے سب ڈویژنز میں سپورٹس کمپلیکسز تعمیر کرنے کے لئے جبکہ ایک ارب روپے ضم شدہ اضلاع میں مختلف مقابلوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

اسکے علاوہ مردان،ہری پور،ڈی آئی خان اور بنوں میں کھیلوں کی سہولیات کے لئے 70کروڑ روپے کی سکیمیں شامل ہیں جبکہ بونیر میں بین الاقوامی معیار کے انڈور جمنازیم کی تعمیر کے لئے بھی 20کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیںاس کے علاوہ 25کروڑ کی لاگت سے سکوائش کی بحالی سکیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں 20 سکواش کورٹس پشاور میں تعمیر کیے جائینگے۔

مردان سپورٹس کمپلیکس اوردیگر کھیلوں کے میدانوں کی اپ گریڈیشن،بحالی اور دیگر سہولیات کے لئے 50کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک کو ہدایت کی ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر جلد ازجلد کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختون خوا میں کھیلوں کے فروع اور سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ محمد عاطف خان نے کہاکہ پشاور میں منعقدہ نیشنل گیمزہمارے لئے اعزاز ہے اور اس کے لئے باقاعدہ تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور کھیل شیڈول کے مطابق منعقد کئے جائیںگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات