Live Updates

نیب کا تمام ملزمان کو گرفتار کرتے وقت ویڈیو بنانے کا فیصلہ

ویڈیوز بنانے کا مقصد گرفتاری کے وقت ملزم کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچانے کا ریکارڈ رکھنا ہے،نیب حوالات میں بھی ملزمان کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب ہیں۔

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 20 ستمبر 2019 13:19

نیب کا تمام ملزمان کو گرفتار کرتے وقت ویڈیو بنانے کا فیصلہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2019ء) : نیب نے تمام ملزمان کو گرفتار کرتے وقت ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس سمیں بتایا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی نے ڈپٹی ڈائیریکٹر اسد جنجوعہ کو ویڈیوز بنانے کا ٹاسک دے دیا۔نیب ذرائع کے مطابق سیاسی شخصیات کی گرفتاری کے وقت ویڈیو بنائی جاتی ہے۔جس کا مقصد گرفتاری کے وقت ملزم کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچانے کا ریکارڈ رکھنا ہے۔

ملزمان سے تفتیش کی بھی مکمل ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔نیب حوالات میں بھی ملزمان کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب ہیں۔خیال رہے کہ اس وقت اپوزیشن کے کئی رہنما نیب حوالات میں ہیں،جن میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور کئی رہنما شامل ہیں۔کچھ رہنماؤں کی گرفتاری کی ویڈیوز سامنے آتی ہیں جب کہ اکثر کی نہیں آتی۔

(جاری ہے)

جب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو منشیات کیس میں اے این ایف نے گرفتار کیا تو اس کے بعد کئی سوالات اٹھائے گئے کہ آخر راناثناء اللہ کو گرفتار کرنے اور ان کی گاڑی سے منشیات برآمدگی کی ویڈیوز کیوں نہیں جاری کی جاتی۔

اپوزیشن کی طرف سے نیب پر یہ بھی الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کا حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے جس وجہ سے نیب سیاسی گرفتاریاں کر رہا ہے۔اپوزیشن رہنماؤں کا ماننا ہے کی نیب ایک کالا قانون ہے جو بغیر کسی ثبوت کے صرف سیاسی انتقام کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار کر رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا تھا کہ نیب کا حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر والی انکوائری بند کی جارہی ہے۔اپوزیشن کی جانب سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ گرفتاری کے وقت سیاسی رہنماؤں سے اچھا سلوک نہیں کیا جاتا تاہم اب نیب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملزمان کی گرفتاری کے قت ویڈیوز بنائی جائے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات